اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان میں ایک سے 10 سال کی عمر کے بچوں میں بھی کورونا تیزی سے پھیلنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایک دن میں کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد دو گناہ کے قریب ہوچکی ہے ، جہاں ایک سے 10 سال کے 92 بچے کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں بھی
کورونا کی تیسری لہر کے متاثرین میں بچے بھی شامل ہیں ، شہر میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں 4.79 فیصد بچے تھے ، لاہور میں اب تک 5301 بچے کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ، ایم ڈی چلڈرن اسپتال پروفیسر سلیم نے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال کے کورونا وارڈ میں ایک ہی روز میں 4 بچے داخل ہوئے ، ان بچوں کی عمریں 2 ماہ ، ایک سال ، 5 سال اور 10سال ہیں۔جب کہ مجموعی طور پر صوبہ پنجاب میں کورونا سے متاثر ہ بچوں کی تعداد بھی بڑھنے لگی ہے جہاں کورونا سے متاثر ہ افراد میں 5 عشاریہ 9فیصد 15 سال سے کم عمر بچے ہیں جب کہ اب تک پندرہ سال سے کم عمر کے 12462بچے پنجاب میں کورونا سےمتاثر ہوئے۔دوسری طرف وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسدعمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کیسزمیں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، احتیاط نہ کی گئی تو کورونا کو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا ، اس لیے کورونا سے بچاوَ کے لیے شہری ایس او پیز پر عمل یقینی بنائیں ، وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا ، جس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کی موجودہ قسم برطانیہ سے پھیل چکاہے ، بنگلہ دیش او ربھارت میں کورونا تیزی سے پھیل رہاہے ، اسی تناطر میں گزشتہ ہفتے پابندیوں میں اضافہ کیا تھا ، آج پھر صورتحال کا جائزہ لیا ، جو فیصلے کیے گئے عوام کی طرف سے عمل نہیں کیا گیا ، اسی لیے ہمارے ہسپتالوں پر کوروناکے باعث دباوَ بڑھ گیا ہے، اس سے پہلے جب ہم نے احتیاط کی تو اس کا مثبت نتیجہ بھی دیکھ لیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن رہنماوَ ں سے بھی درخواست ہے عوام کے دفاع میں کردار ادا کریں ، مرکزی ، صوبائی او ر علاقائی سطح پر سب کوکردار ادا کرنا ہوگا ، کیوں کہ گزشتہ روز ہسپتالوں میں تشویشناک مریضوں کی تعداد 2 ہزار 842 تھی ، گزشتہ 5روز میں کورونا تشویشناک مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے ، جب کہ 12 دن میں تشویش ناک مریضوں کی تعداد میں ایک ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں