اسلام آباد (پی این آئی ) معروف صحافی اور وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بڑا دعویٰ کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق ریحام خان نے سماجی رابطے کی
ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق حکومت آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کرنے جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پہلے ہی پیمرا کے ذریعے ٹی وی چینلز کو کہا جا رہا ہے کہ قوم کو بتائیں کے پاکستان میں پیٹرول کتنا سستا ہے۔واضح رہے کہ 15مارچ کو وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں مہنگائی کی چکی میں پس رہی عوام کو بڑا ریلیف دیا گیا، وزیراعظم کے اعلان کے مطابق رواں ماہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔جبکہ قدرے کم فروخت ہونے والی پٹرولیم مصنوعات لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ۔ حکومت نے لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے اور 19 پیسے اضافے کی منظوری دی جس کے بعد نئی قیمت 81 روپے 42 پیسے ہوگئی۔ جبکہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 42 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، یوں نئی قیمت 83 روپے 61 پیسے ہوگئی۔ حکومت کی جانب سے مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل دونوں مصنوعات پر کوئی لیوی چارج نہیں کی جاتی۔جبکہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت 111 روپے 90 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 116 روپے 8 پیسے کی سطح پر برقرار رہی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے 31 مارچ کی رات 12 بجے تک ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قیمتوں میں اضافے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو قیاس آرائیاں قرار دیا تھا۔ اس سے قبل دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک اضافے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں