نوازشریف کے پاسپورٹ کی تجدید کا معاملہ، وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم کو بڑا جھٹکا دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی) وزارت داخلہ نے سیکریٹری خارجہ کو سابق وزیراعظم نوازشریف کی پاسپورٹ ری نیو کی درخواست پر کارروائی کرنے سے روک دیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ نے سیکریٹری وزارت خارجہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے مطابق نوازشریف اعلان شدہ مجرم ہیں

جبکہ نیب کےریفرنسز میں بھی نوازشریف مجرم ثابت ہو چکے ہیں، نوازشریف کی پاسپورٹ ری نیو کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے،ہائیکورٹ کے مطابق نواز شریف کوآٹھ ہفتے کی ضمانت ملی تھی، پنجاب حکومت نےآٹھ ہفتے مکمل ہونے کےبعد ضمانت میں توسیع نہیں کی،نوازشریف جب تک عدالت میں پیش نہیں ہوتے مزید ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔خط میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف سزا سے بچنے کیلئے ملک سے فرار ہوئے ،نوازشریف کو سزا کی بقیہ مدت کوٹ لکھپت جیل میں گزرنی ہے،نوازشریف مطمئن نہ کرسکے کہ ان کا پاسپورٹ مزید کیوں ری نیو کیاجائے؟ نوازشریف واپس آنا چاہیں تو ایمرجنسی ٹریول کیلئے درخواست دے سکتے ہیں ،پاکستانی ہائی کمیشن نوازشریف کو تحریری جواب دیں کہ پاسپورٹ ری نیو نہیں ہوسکتا۔ نواز شریف نے پیپلزپارٹی کو استعفوں پر آمادہ کرنے کا ٹاسک کس کو دے دیا؟ لاہور(آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو پیپلزپارٹی کو اسمبلی سے استعفوں پر آمادہ کرنے کا ٹاسک دے دیا، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کے لیے مسلم لیگ( ن) کے اجلاس میں مبینہ طورپر پارٹی رہنمائوں میں اختلافات رائے بھی سامنے آ یا۔،نجی ٹی وی کے مطابق پی ڈی ایم کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کا اجلاس ہوا، جس میں شریف خاندان کی اہم شخصیات اور پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی جبکہ نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے ۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اور پارٹی سیاست سے متعلق حکمت عملی مرتب کرنے کے دوران رہنمائوں میں اختلاف ہوا۔اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہمیں اسی طرح سیاست کرنی ہے تو مسلم لیگ (ن)تقسیم ہوجائیگی، میرے سیاسی استاد نوازشریف ہیں تو میں کس طرح سے ایسی (جارحانہ)سیاست کرسکتا ہوں۔ نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو پیپلزپارٹی سے مذکرات کرنے اور انہیں اسمبلی سے استعفوں پر آمادہ کرنے کا اہم ٹاسک بھی دیا۔۔

close