لاہور(پی این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) نے 26 مارچ کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب لاہور کی عمارت کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پولیس اور رینجرز سے مدد مانگ لی ہے۔ پیر کو نیب کی جانب سے جاری بیان میں میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 26
مارچ کو مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب کے بعض ملزمان، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور دیگر افراد کے نیب لاہور کی عمارت کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات ہیں۔’نیب لاہور کی عمارت پر چڑھائی کرنے، پتھراؤ کرنے اور نیب کے قانونی اور آئین کے مطابق سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مبینہ طور پر رکاوٹ پیدا کرنے اور نیب لاہور کی عمارت کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات ہیں۔‘مریم نواز نے 26 مارچ کو جاتی امرا سے قافلے کی صورت میں نیب کے دفتر جانے کا اعلان کیا ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے کارکنان کے علاوہ ان کی جماعت بھی پیشی کے موقع پر نیب کے دفتر کے سامنے موجود ہوگی۔بیان کے مطابق ان اطلاعات کی بنیاد پر ’نیب لاہور نے قانون کے مطابق تمام آئینی اقدامات خصوصاً نیب لاہور کی عمارت کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے لاء انفورنسمنٹ کے اداروں پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مبینہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نیب لاہور کو ریڈ زون ڈکلیئر کرنے کی متعلقہ حکام سے قانون کے مطابق درخواست کی جا رہی ہے۔نیب نے کہا ہے کہ وہ کسی دھمکی یا دباؤ کی پرواہ کیے بغیر ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے عوام کی اربوں روپے کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ’نیب انسداد بد عنوانی کا قومی ادارہ ہے جس کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں ہے بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں