اب آپ نوکری نہیں بلکہ نوکری آپکو ڈھونڈے گی، حکومت نے نیشنل جاب پورٹل کا آغاز کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)ملک بھر کے نوجوانوں کے اندرون و بیرون ملک ملازمتوں کے حصول کو آسان بنانے کے لیے نیشنل جاب پورٹل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اسے ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت ’نیشنل ایمپلائمنٹ ایکسچینج ٹول‘ (نیکسٹ) کا نام دیا گیا ہے۔اس پورٹل پر سرکاری، غیر سرکاری، مقامی اور غیرملکی سٹیک

ہولڈرز آجر کو رجسٹریشن کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ جہاں سے آجر اپنی ضرورت اور نوجوان اپنی مہارت کے مطابق نوکری تلاش کرسکتے ہیں۔نیکسٹ ایک آن لائن جاب پورٹل ہے جو نیشنل وکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے قائم کیا ہے۔ اس جاب پورٹل کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے وسیع تر مواقع فراہم کرنے کے لیے کئی ایک فیچرز رکھے گئے ہیں۔نیوٹیک حکام کے مطابق ’یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر ملازمت کے خواہش مند پاکستانی نوجوان مختلف اداروں، کمپنیوں اور فرمز کے ساتھ براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔‘’آجر اپنی ضرورت کے مطابق بہترین امیدوار کو تلاش کر سکتے ہیں اور اس کے لیے کسی قسم کا پیسہ خرچ کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔‘حکام کا کہنا ہے کہ ’جاب پورٹل کو انتہائی سادہ اور عام فہم بنایا گیا ہے، جہاں پر نوجوان خود کو رجسٹر کرنے کے بعد اپنا ایسا پروفائل بنا سکتے ہیں کہ جو نہ صرف مقامی بلکہ غیرملکی اور سرکاری اداروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔‘’پورٹل میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے ایک ہی امیدوار کے لیے متعدد مہارتوں کا مجموعہ بھی پروفائل میں شامل کیا جا سکتا ہے۔‘پورٹل ملازمت کے خواہش مند نوجوانوں اور آجروں کو اجازت دیتا ہے کہ وہ اپنی پروفائل کو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کر سکیں۔انٹرنیٹ براوزر میں یہ ویب ایڈریس www.jobs.gov.pk لکھیں اور ویب پر جا کر رجسٹر کے آپشن پر کلک کریں اور اپنا موبائل نمبر درج کریں۔ آپ کو چار ہندسے کا ایک کوڈ ایس ایم ایس میں موصول ہوگا۔ اس کوڈ کو درج کریں اور اگلے مرحلے میں داخل ہوکر اپنے پروفائل میں تمام ضروری معلومات شامل کریں۔ اس طرح آپ کا پروفائل مکمل ہو جائے گا اور آپ کسی بھی ملازمت کے لیے اپلائی کر سکیں گے۔اگر آپ آجر ہیں تو آپ کو موبائل کی جگہ ای میل اور پاس ورڈ درج کرنا ہو گا۔ کنفرمیشن ای میل موصول ہونے پر اپنے ادارے کا پروفائل بنائیں۔ آجر اپنے ادارے کی ویب سائٹ کا لنک بھی شامل کر سکتے ہیں۔حکام کے مطابق ’پورٹل کی لانچنگ کے ساتھ ہی دو ہزار کمپنیوں اور اداروں نے خود کو بطور آجر رجسٹر کر لیا ہے جبکہ ہزاروں نوجوانوں نے بھی اس میں دلچسپی دکھائی ہے۔ آغاز کے ساتھ ہی ملازمت کے مواقع بھی پورٹل پر آنے لگے ہیں جن میں دن بدن اضافے کی توقع ہے۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close