شریف اور زرداری کو سزائیں نہیں ہوتیں تو نیب بند کر کے ڈھابہ کھول لیتے ہیں، وفاقی وزیر نے نیب پر بڑی چوٹ کر دی

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملزمان کو روز تھیٹر لگانے کے مواقع فراہم کرنا مایوس کن ہے، عوام کی نیب سے توقع ہے، مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا

کہ شریف اور زرداری کرپٹ نہیں توپھر پاکستان کرپشن فری ملک ہے، اگر انکو سزائیں نہیں ہوتیں تو نیب بند کر کے ڈھابہ کھول لیتے ہیں، ملک کے وسائل ضائع کرنے کا کیافائدہ؟۔ ٹوئٹ کے علاوہ اپنے تازہ بیان میں وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ جن کو جیل میں ہونا چاہیے تھا وہ باہرگھوم رہے ہیں، روزانہ تھیٹر لگانے سے صرف مایوسی پھیلتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ثبوت ہونے کے باوجود کچھ نہیں ہوا تو لوگوں میں مایوسی پھیلے گی، مریم نواز کے کیلبری فونٹ سمیت دیگر جھوٹ پکڑے گئے، جس گھر میں رہتی ہیں وہ4سے5ہزار کنال پر مشتمل ہے، نوازشریف تو بھاگ گئے وہ واپس تشریف نہیں لارہے، نوازشریف کے جانے کے وقت ان کے دیے گئے بیانات دوبارہ سنائیں۔ فوادچوہدری کا مزید کہنا تھا کہ بیانات دوبارہ سنانے سے پتہ چلے گا اس وقت یہ لوگ کیاکہہ رہے تھے، جب گرفتار نہیں کریں گے تووہ تھیٹرہی لگائیں گے، نوازشریف نے کرپشن نہیں کی ہے تو پاکستان میں کرپشن نہیں ہوئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگرکرپشن ہوئی ہے تو پھر ہم ان کے خلاف کیسز صحیح نہیں چلارہے؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close