پاکستان میں کورونا کے پھیلائو میں تیزی، شرح اموات میں کتنا اضافہ ہو گیا؟ تشویشناک تفصیلات آگئیں

لاہور(پی این آئی) پنجاب حکومت نے لوگوں کو بلاضرورت مارکیٹوں بازاروں جانے سے گریز کی ہدایت کردی ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کی شدت اور شرح اموات بڑھ رہی ہے،شہری ماسک کو زندگی کا حصہ بنائیں، کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا

کہ کورونا مریضوں کی تعداد کے ساتھ شرح اموات بڑھ رہی ہے۔کورونا وباء میں شدت آرہی ہے، شہریوں کو سنجیدگی دکھانا ہوگی۔ ہرایک کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ماسک کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ گھر سے باہر نکلتے وقت کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے لازمی ماسک پہنیں۔ بلاضرورت مارکیٹوں اور بازاروں میں جانے سے گریز کریں۔ ایس اوپیز پرعمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے۔کورونا کی حالیہ لہر کے پیش نظر شہری مزید احتیاط کریں۔عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ اسی طرح معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کرونا کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں، اگر احتیاط نہ کی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے،ملک میں کورونا وئرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور مثبت کیسز کا تناسب4.5 فیصد سے بڑھ کر9.5 فیصد تک پہنچ گیا ہے جو خطرناک ہے۔ہر 100 ٹیسٹ کے نمونہ جات میں سے مثبت آنے والے مریضوں کی شرح کا تناسب بتاتا ہے کہ ملک میں وائرس کس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کیسز کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے اور اگر احتیاط نہ کی گئی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ گزشتہ دنوں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کیلئے پابندیوں کا اطلاق کیا گیا تاہم عوام میں صحت کے مروجہ اصولوں پر عملدرآمد کے حوالے سے فقدان دیکھنے میں آ رہا ہے۔انہوں نے عوام اور صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس مہلک وائرس سے بچا جا سکے اور اگر عمل نہ کیا تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔ پنجاب میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، پچھلے چند دنوں سے کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور کورونا کیسز کا دباؤ اسلام آباد، پنجاب اور پشاور میں زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close