اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ لا ہور سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں وائرس کا پھیلائو زیادہ ہے جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں بھی کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں،مثبت کیسز کی شرح 4.5 سے 9.5 تک پہنچی ہے۔ہفتہ کو پریس بریفنگ دیتے
ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ کیسز بڑھنے سے صحت کے نظام پر دباو بڑھ گیا ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ بدقسمتی سے انتظامی ایکشن بھی کمزور نظر آ رہا ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے پچھلے چند روز میں عائد کی جانے والی بندشوں کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ انتہائی احتیاط کا وقت ہے، سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔انہوں نے عوام کو ایک بار پھر یاد دلایا کہ ماسک پہننا قطعاً نہ بھولیں، سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔انہوں نے شادی بیاہ کی تقاریب کے حوالے سے کہا کہ ان کا اہتمام کھلے مقامات پر کیا جائے۔انہوں نے ساتھ ہی اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ احتیاط نہ کی گئی تو تکلیف دہ صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے ویکسینیشن کے عمل کے حوالے سے بتایا کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین لگوائیں۔ جس کے لیے صرف شناختی کارڈ اور پیشگی رجسٹریشن کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ویکسین خریدی گئی ہے جس کی کھیپ رواں ماہ کے آخر سے قبل پہنچ جائے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں