اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم اور انتخابی اصلاحات کیلئے10 رکنی سیاسی کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین میں ترامیم پر اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی، سیاسی کمیٹی معیشت، روزگار، ریلیف پیکجز اور سبسڈیز سے متعلق بھی تجاویز پیش کرےگی،
سیاسی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم کو معاملات سے آگاہ رکھے گی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے نیب قوانین میں ترمیم پرغور شروع کردیا ہے۔ اسی طرح احساس پروگرام کے ذریعے غریب طبقے کو مختلف شعبوں میں براہ راست سبسڈی دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ان معاملات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے 10رکنی سیاسی کمیٹی قائم کردی ہے۔کمیٹی انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین میں ترامیم پر اپوزیشن سے مذاکرات کرےگی۔ سیاسی کمیٹی معیشت، روزگار، ریلیف پیکجز اور غریبوں کو سبسڈیز سے متعلق بھی تجاویز پیش کرےگی۔ سیاسی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم سے ملاقات کرے گی جس میں روزانہ کی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ سیاسی کمیٹی میں شفقت محمود، عامر کیانی، سیف اللہ نیازی، شبلی فراز، پرویزخٹک، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، شیخ رشید بھی شامل ہیں۔ پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن سے رابطوں اور مذاکرات کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلایا جائےگا۔ چاہتے ہیں تمام جماعتیں اس کمیٹی میں شرکت کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ آئیں بیٹھیں اوراس حوالے سے قانون سازی کریں۔ ہم چاہتے ہیں انتخابی اصلاحات پرتمام متفق ہوں۔ پارلیمانی کمیٹی کے ٹی او آرز تو خود کمیٹی طے کرے گی۔ پارلیمانی لیڈرز کو اس پارلیمانی کمیٹی کا ممبر بنا رہے ہیں۔ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات اپوزیشن اور حکومت دونوں کا مطالبہ ہے۔ اختلافات اور سیاست اپنی جگہ لیکن سب کو اس معاملے پر بیٹھنا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں