کویتی وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، پاکستان اور کویت مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون پر متفق ہو گئے، ذرائع

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان، کویت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے،دنوں ملکوں کے مابین توانائی، صحت،ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دو طرفہ

اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔یہ بات انہوں نے کویت کے اپنے ہم منصب شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزارتِ خارجہ میں وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نے کویتی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو وزارتِ خارجہ تشریف آوری پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کویت میں مقیم ہیں جو کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں تبدیل کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوری میں کویت کے نائب وزیر خارجہ پاکستان تشریف لائے ان کے ساتھ کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی،ہم پاکستان اور کویت کے مابین پانچویں مشترکہ وزاراتی کمیشن کے جلد انعقاد کے خواہشمند ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، کویت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے ۔پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ارکان کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے کویت کے مثبت کردار کو تسلیم کرتا ہے۔ہم بیرونی سرمایہ کاروں کو کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی سہولیات فراہم

کر رہے ہیں،اسی وجہ سے کاروبار میں سہولت فراہم کرنے والے ممالک کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں کافی حد تک بہتری آئی ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم کویتی کاروباری کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہیں گے۔پاکستان اور کویت کے مابین توانائی، صحت،ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ہمیں توقع ہے کہ کویت اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے، 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن “کے طور پر منانے کی تجویز کو آگے بڑھانے میں معاونت کریگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا چلا آ رہا ہے جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔پاکستان، افغانستان سمیت پورے خطے میں امن و امان کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتا رہے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مسلمان ممالک کے درمیان یکجہتی کو مضبوط بنانے کیلئے کویت کی کوششوں کا حامی ہے۔کویتی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کویت، پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کا متمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ کویت کی تعمیر و ترقی میں، کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، کا کردار قابل تحسین ہے

۔کویتی وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔قبل ازیں کویتی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں ایک یاد گاری پودا لگایا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں