اسلام آباد(آئی این پی )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے نیاپاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت فیز ون میں اس سال کے آخرتک ایک لاکھ گھروں کی تعمیرکیلئے مقررکردہ موزونیت وادائیگی کے طریقہ کار اور آزادجموں وکشمیرحکومت کے ساتھ بقایاجات وٹیرف سے متعلق امور کے حل کیلئے ذیلی کمیٹی
کے قیام کی منظوری دیدی ۔اجلاس میں تھرکول بیسڈ پراجیکٹ کیلئے مقامی بینکوں سے 15.250 ارب روپے کے قرضہ کیلئے حکومت پاکستان کی ساورن گارنٹی جاری کرنے جبکہ 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کویہاں وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا، نیاپاکستان ہاسنگ اتھارٹی کے چئیرمین نے ہاوسنگ کے شعبہ کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ مراعاتی پیکج کے تحت درخواست گزاروں کی موزونیت، سبسڈی کی ادائیگی کے طریقہ ہائے کار اورفنڈز کے اجرا کے نظرثانی شدہ طریقہ کارکے بارے میں بریفنگ دی،تفصیلی گفت وشنید کے بعدای سی سی نے فیز ون میں اس سال کے آخرتک ایک لاکھ گھروں کی تعمیرکیلئے مقررکردہ موزونیت وادائیگی کے طریقہ کار کی منظوری دیدی، کمیٹی نے نیاپاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کم آمدنی والے طبقات کو کم لاگت گھروں کی تعمیر اورمالکانہ حقوق دینے کیلئے مناسب نرخوں پرہاوسنگ فنانس کی سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں اقدامات کی ہدایت کی۔اجلاس میں نیاپاکستان ہاوسنگ ڈولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کم لاگت گھروں کی تعمیرکیلئے سرکاری اورنجی شعبے کی شراکت داری کے تحت پرکیورمنٹ معاہدوں کی اجازت سے متعلق سمری کی منظوری بھی
دی گئی۔اسی طرح اجلاس میں نیاپاکستان ہاوسنگ ڈولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے گھروں کیلئے قرضہ جات کی سبسڈی سکیم کے کلیدی اشاریوں پرنظرثانی سے متعلق سمری کی منظوری بھی دی گئی جس کی سفارش سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی کی ہے، اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے سوئی نادرن کی بنیادپر چلنے والے فرٹیلائزرپلانٹس کے ستمبر2018 سے لیکرنومبر2019 تک کی مدت میں لیٹ پیمنٹ سرچارج سے متعلق سمری پیش کی گئی۔کمیٹی نے متعلقہ شراکت داروں سے اس بارے میں ان پٹ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے اسے موخرکردیا اورہدایت کی کہ تاخیرسے ادائیگی پرسرچارج کاتعین حقیقی لاگت پرکیا جائے اورنظرثانی شدہ سفارشات کمیٹی کے روبروپیش کی جائے۔اجلاس میں پاورڈویژن کی جانب سے فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کے حوالہ سے فیصلہ کے اختیارسے متعلق سمری پیش کی گئی، کمیٹی نے سمری کاتفصیل سے جائزہ لیااوروزارت خزانہ و پاورڈویژن کے سیکرٹریز کواس معاملے پرمزید مشاورت کرنے اورای سی سی کے آئندہ اجلاس میں اپ ڈیٹ سفارشات وتجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پاورڈویژن کی جانب سے آزادجموں وکشمیرحکومت کے ساتھ بقایاجات وٹیرف سے متعلق امور کے حل سے متعلق تجویز سامنے رکھی گئی، تفصیلی جائزہ کے بعد ای سی سی نے اس ضمن میں ذیلی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی،
وزیراعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین کمیٹی کے چئیرمین ہوں گے، کمیٹی کے دیگرارکان میں سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری پاورڈویژن، معاون خصوصی برائے توانائی، وزارت آبی وسائل، واپڈا، نیپرا اورآزادکشمیر حکومت کے نمایندے شامل ہیں۔اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے تھرکول بیسڈ پراجیکٹ کیلئے مقامی بینکوں سے 15.250 ارب روپے کے قرضہ کیلئے حکومت پاکستان کی ساورن گارنٹی سے متعلق سمری پیش کی گئی، اجلاس میں اس سمری کی منظوری دی گئی، سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے کمیٹی کوای سی سی کے فیصلے کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعہ 3 لاکھ ٹن گندم کی درآمد سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے اس ضمن میں نواں بین الاقوامی ٹینڈرکھول دیا ہے۔اجلاس میں 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں لوئی شلمان ویلی کے راستے پشاورکوافغانستان کے شہرجلال آباد تک ریلوے لائن سے منسلک کرنے کے منصوبہ کی فیزیبلٹی سٹڈی کیلئے 61 ملین روپے، کراچی میں قائداعظم اکیڈیمی کے قیام کیلئے قومی ادبی وثقافتی ورثہ ڈویژن کو 29.38 ملین روپے، گارڈن ویسٹ (پاکستان کوارٹرز) کی لیز کی تجدید کیلئے وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کو413.77 ملین روپے، اورای پرکیورمنٹ نظام
کی تنصیب کیلئے پاکستان پرکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کیلئے 233.44 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیرریلویزشیخ رشیداحمد، وزیرنجکاری محمدمیاں سومرو، وزیرتوانائی عمرایوب خان، وزیرصنعت وپیداوارحماداظہر،مشیرتجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داود، مشیرادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹروقارمسعود، معاون خصوصی پاورتابش گوہر، گورنرسٹیٹ بینک رضاباقر، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پاورڈویژن، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ وتحقیق، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وپیداوار، چئیرمین نیاپاکستان ہائوسنگ اتھارٹی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، اوردیگرسینئرحکام نے شرکت کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں