کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز، اسمارٹ لاک ڈاؤن پر تاجروں اور شادی ہالز مالکان کا شدید احتجاج

کراچی (آن لائن)کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد سندھ میںایک بار پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حکم پر تاجروں اور شادی ہالز مالکان نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایس او پیز کے تحت کاروبار جاری رکھنے کی اجازت کا مطالبہ کیا ہے جبکہ آل سٹی تاجر اتحاد نے منگل کے روز اس ضمن میںہنگامی

پریس کانفرنس طلب کرلی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میںایک ماہ کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے پر میرج ہالز ایسوسی ایشن کراچی کے صدر رانا رئیس احمد نے نے کہا کہ کورونا خدشات کے پیش نظر پہلے ہی شادی ہالز میںشادی بیاہ و دیگر تقریبات مکمل ایس او پیز کے تحت کی جارہی تھیں، رانا رئیس احمد نے سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کورونا کا مقابلہ کیا ہے اوراب بھی ملکر کورونا کی تیسری لہر کامقابلہ کریں گے،رانا رئیس نے کہا کہ شادی کی تقریبات میں لوگ حکومت کی جانب سے دی گئی تعداد اور ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے شرکت کریں،دوسری جانب صدر میرج ہالز ایسوسی ایشن لاہور ملک اشفاق اشرف نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا کہ میرج ہالز پر بندش بیروزگاری کا سیلاب لے آئے گی،گزشتہ برس لاک ڈاؤن سے میرج ہالز کا کاروبار تباہی کی نذر ہو گیا تھا اور حکومت نے کوئی ریلیف دیا اور نہ کوئی مدد کی ، اب جب ہم کورونا ایس او پیز کے ساتھ جینا سیکھ گئے ہیں تو دوبارہ غلط طریقے سے لاک ڈاؤن کو مسلط کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرج ہالز برباد ہو رہے ہیں،ملکی معیشت برباد ہو جائے گی ، لوگوں کے رزق حلال کو روکا نہ جائے ، ملک اشفاق اشرف نے کہا ہم پاکستان کے شہری اور ٹیکس دہندہ ہیں،ہمیں کاروبار کرنے دیا جائے،سکھر اور حیدرآباد

میرج ہالز کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ جو میرج ہالز ، مارکیز ہوادار ، روشن اور ڈس انفیکشن کی مکمل صلاحیت کے حامل ہیں انہیں ایس او پیز کے تحت کام کرنے کی اجازت دی جائے ،موجودہ بندش کے احکامات سے میرج ہالز سے وابستہ ملازمین کے گھروں کے چولہے بجھ جائیںگے،دوسری جانب آل سٹی تاجر اتحاد نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے پر حکمت عملی کیلئے منگل کے روز ہنگامی پریس کانفرنس طلب کرلی ہے ،پریس کانفرنس میںآل سٹی تاجر اتحاد،آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن اور دیگر تجارتی تنظیموںکے رہنما شرکت کرینگے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں