اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کہتے ہیں کہ موجودہ حالات میں الیکشن کمیشن نہیں چل سکتا ، سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں رہا ، اس لیے موجودہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار
ہو۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سےبڑی جماعت ہے اسے الیکشن کمیشن پرکوئی اعتماد نہیں ہے ، اگر ملک کی دوسری سیاسی جماعتوں سے پوچھاجائے تو ان کوبھی الیکشن کمیشن پرتحفظات ہیں اور کوئی بھی جماعت سینیٹ کے الیکشن سے خوش نہیں ہے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ سینیٹ کےالیکشن میں جوہوا اس کی ناکامی الیکشن کمیشن کی ہے ، تمام معاملات میں اگر ناکامی ہے تو وہ الیکشن کمیشن کی ہے ، کیوں کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمے داریاں نہیں نبھا سکا اور مکمل طور پر ناکام رہا ، سپریم کورٹ نے کہا ووٹنگ کا طریقہ بدلنے کے لیے پارلیمنٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔ شفقت محمود نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے پر ہمارا ایک وفد الیکشن کمیشن گیا ، جس میں ہم نے چیف الیکشن کمشنرسے کہا کہ الیکشن میں کرپٹ پریکٹس روکنے کا طریقہ کاراپنایا جائے ، کیوں کہ الیکشن کمیشن کی ہی یہ ذمےداری ہے کہ ملک میں ایسے الیکشن کرائے جوشفافیت پرمبنی ہوں لیکن الیکشن کمیشن نے ہماری تجویز نہیں مانی ، اس لیے الیکشن کمیشن کومجموعی طور پر استعفیٰ دینا چاہیئے ، چوں کہ الیکشن کمیشن نیوٹرل ایمپائرکا کردار ادا نہیں کر رہا اس لیے الیکشن کمیشن فوری مستعفی ہوں ، جس کے بعد نیا الیکشن کمیشن ایسا بننا چاہیئے جس پر سب سیاسی جماعتوں کا اعتماد ہو۔وفاقی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں