اسلام آباد (پی این آئی) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ہارنے کی صورت میں بنائی گئی حکمت عملی سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کارنے کہا ہے کہ اگر یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ہار گئے تو پی ڈی ایم
تیاری کر کے بیٹھی ہے کہ ہمارے پاس سارے ثبوت موجود ہیں ، جن کی بنیاد پر پی ڈی ایم کی طرف سے حکومت پر دباؤبڑھایا جائے گا کیوں کہ پی ڈی ایم ہر گز صادق سنجرانی کو بطور چیرمین سینیٹ قبول نہیں کرے گی۔نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار نے کہا کہ اپوزیشن کے پا س عددی نمبرز موجود ہیں جب کہ سینیٹر فروغ نسیم امریکہ سے پاکستان واپس آرہے ہیں جس کا یقیناً پی ٹی آئی کو فائدہ ہو گا۔خیال رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اہم مرحلہ ہے ، شیڈول کے مطابق 12مارچ کو دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا جب کہ ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کی مدت 11 مارچ کو ختم ہو گئی، جس کے بعد 12 مارچ کو صبح کے اوقات میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے اور 12مارچ کو ہی دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا۔یاد رہے کہ سینیٹ کی کل 48 نشستوں کے الیکشن کے سلسلے میں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے ، تحریک انصاف نے 18 نئی نشستیں حاصل کر کے کل 28 نشستیں حاصل کر لیں جب کہ پیپلز پارٹی نے 8 نئی اور کل 21 ، مسلم لیگ ن نے 5 نئی اور کل 18 نشستیں حاصل کی ہیں ، بی اے پی کو 6 نئی اور کل 12 نشستیں ملی ہیں۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کو بھی کل 3 نشستیں مل چکیں، مسلم لیگ ق نے ایک نشست حاصل کی ہے ، آزاد امیدوار بھی اب تک 6 نشستیں حاصل کر چکے تاہم تحریک انصاف سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بننے کے باوجود ایوان میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں