شہریوں کیلئے خوشخبری، حکومت نے ایک اور اہم ترین موٹروے تعمیر کرنے کی منظوری دیدی

سیالکوٹ (نیوزڈیسک) پنجاب میں ایک نئی موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نےآباد ی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ایک نئی موٹروے تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل ہی مکمل ہونے والی سیالکوٹ موٹروے کو اب

کھاریاں تک توسیع دی جائے گی۔ سیالکوٹ تا کھاریاں تک کل 69 کلومیٹر طویل موٹروے تعمیر کی جائے گی۔منصوبے کی تعمیر پر 43 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوئے ایکنک کے اجلاس میں منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی۔ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کے علاوہ سوات موٹروے فیز 2 کی چکدرہ سے فتح پور تک تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔سوات موٹر وے فیز میں زمین کی خریداری کیلئے 20 ارب خرچ ہوں گے۔دوسری جانب ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے ملک میں مزید موٹرویز کا جال بچھانے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ وزارت مواصلات کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں جلد کئی نئی موٹرویز کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ رواں سال 4 نئی موٹرویز حیدرآباد سکھر، دیر سوات ، ڈی آئی خان پشاور، سیالکوٹ کھاریاں راولپنڈی کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈی آئی خان تا پشاور موٹروے ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے ہوگی، جبکہ دیر سوات موٹروے سے ملک میں سیاحت کے شعبہ کو فروغ ملے گا۔بتایا گیا ہے کہ 4 موٹرویز میں سے سب سے اہم سکھر تا حیدرآباد موٹروے کی تعمیر رواں سال اپریل میں شروع ہوگی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے پشاور تا کراچی موٹروے مکمل ہو جائے گی۔ سکھر تا حیدرآباد موٹروے 306 کلومیٹر طویل ہوگی۔گزشتہ سال خبر سامنے آئی تھی کہ 306 کلومیٹر طویل موٹروے منصوبے کے ٹینڈر کے دوران غیر ملکی کمپنیوں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا، صرف ایک کمپنی کی جانب سے بولی میں حصہ لیا گیا۔ بتایا گیا تھا کہ سی پیک کے تحت 204.28 ارب روپے کی لاگت کی سکھر تا حیدرآباد موٹر وے (ایم 6) کی تعمیر گزشتہ سال کے آخر تک شروع ہوگی، تاہم بعد ازاں مختلف وجوہات کی بنا پر منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔اور اب بتایا گیا ہے کہ منصوبے کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس موٹروے کی تکمیل کے ساتھ ہی مشرقی روٹ پر پشاور تا کراچی موٹر وے پرسفر کا وقت کم ہوجائے گا۔ یہ ملک کی چوتھی طویل ترین موٹروے ہوگی۔ سکھر حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کے حوالے سے 2016 میں ابتدائی کام کا آغاز کیا گیا تھا، تاہم تحریک اںصاف کی حکومت آنے کے بعد منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔پھر گزشتہ سال ایکنک کی جانب سے منصوبے کی تعمیر شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں