آپکی حکومت کا دوسرا جنم ہوا ،چاہے الٹے لٹک جائیں یہ کام کرنا ہوگا سینئر صحافی کامران خان نے وزیر اعظم کو کھری کھری سنادیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف اینکر پرسن کامران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ عمران خان کی حد درجہ حوصلہ افزائی کی۔ اکثریت کھونے کے بعد اعتماد کے ووٹ نے حکومت کو نیا جنم دیا ہے، اگر عمران خان نے زبان خلق نہ سنی تو اگلا الیکشن جیتنا دور کی بات آئندہ اعتماد کا ووٹ لینا بھی محال ہوگا۔تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں کامران خان نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرکے ایک دوسرا جنم لیا ہے، انہوں نے حد درجہ عمران خان کی حوصلہ افزائی کی ہے لیکن اگر انہوں نے اس دوسرے جنم میں بھی عوام کی نہیں سنی تو اگلا الیکشن جیتنا تو دور کی بات ہے اعتماد کا ووٹ لینا بھی محال ہوگا۔ خان صاحب، ناقابل برداشت مہنگائی آپ کی پہچان بن گئی ہے، چاہے الٹے لٹک جائیں لیکن مہنگائی کو قابو میں لائیں، پنجاب ایک رستا ہوا زخم بن گیا ہے، نصف درجن آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کی تبدیلی کے باوجود لاہور میں لگے کوڑے کے ڈھیروں نے بزدار حکومت کو مذاق بنادیا ہے، آپ کا کوئی سپورٹر نہیں جو آپ کی عثمان بزدار کی مسلسل حمایت پر حیران نہ ہو، اپنی حکومت کے دوسرے جنم میں آپ کو بزدار کو فارغ کرنا ہوگا، پنجاب میں نئی ٹیم اتارنا ہوگی۔کامران خان نے وزیر اعظم سے کہا آپ سے منسلک تمام لوگ آپ کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان سے سخت نالاں ہیں اور یہ تاثر جڑ پکڑ گیا ہے کہ آپ کی انتظامی فیصلہ سازی انہوں نے ہائی جیک کرلی ہے، اعظم خان کا متبادل ڈھونڈنا ضروری ہے، پی ٹی آئی اپنے ہی گھر خیبر پختونخوا میں مخدوش حالت میں ہے، محمود خان کے اندازِ حکمرانی نے پی ٹی آئی کو منتشر کردیا ہے، کے پی میں آپ کو خود میدان میں اترنا ہوگا۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ عمران خان نے اپنے ہی ہاتھوں سے پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی حمایت کو ہوا میں اڑا دیا ، نہ جانے وزیر اعظم آخری بار کراچی کب گئے تھے۔ اطلاع کیلئے عرض ہے کہ کراچی آپ اور آپ کی اتحادی ایم کیو ایم کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close