سینیٹ الیکشن میں صرف حکومتی اراکین اسمبلی نے ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کے اراکین اسمبلی نے بھی غداری کی، سینئر صحافی تہلکہ خیز تفصیلات سامنے لے آئے

اسلام آباد (پی این آئی)سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے سینیٹ الیکشن میں حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے اراکین اسمبلی کے بھی باغی ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے انکشاف کیا ہے کہ سینیٹ میں صرف حکومت اراکین اسمبلی نہیں تھے جنہوں نے اپنی پارٹی سے

بغاوت کی اور مخالف امیدوار کو ووٹ دیا، بلکہ اپوزیشن کے اراکین اسمبلی نے بھی پی ڈی ایم سے بغاوت کی۔سہیل وڑائچ نے کہا کہ اپوزیشن کے 10 سے 12 اراکین اسمبلی نے سینیٹ الیکشن کے دوران حفیظ شیخ کو ووٹ دئیے، جبکہ حکومت کے 24 سے 25 ارکین اسمبلی نے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دئیے ۔ سہیل وڑائچ کے انکشاف کے بعد اب ایک نیا پینڈورا باکس کھیل گیا ہے، کیونکہ تحریک انصاف ، پی ڈی ایم پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام عائد کرتی آئی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے بھی ہارس ٹریڈنگ کا انکشاف کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کی جانب سے حفیظ شیخ کو وفاقی دارالحکومت کی سیٹ کے لیے کھڑا کیا گیا تھا، جبکہ پی ڈی ایم کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا گیا۔ حالیہ سینیٹ الیکشن 2021 ءمیں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو کامیابی، جبکہ حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قوم سے خطاب کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنے اسمبلی اراکین سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا موقع دیا، انہوں نے اپنے سینیٹ کے امیدوار حفیظ شیخ کی شکست کا ذمہ دار الیکشن کمیشن کو قرار دے دیا تھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کے الزامات کے حوالے سے اگلے ہی روز اجلاس طلب کر لیا تھا، جس میں وزیراعظم کے الزامات کا جائزہ لیا گیا۔ سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ کے انکشاف سے قبل تک یہی سمجھا جا رہا تھا کہ صرف حکومتی اراکین نے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دئیے، تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ اپوزیشن کے اراکین نے بھی اپنی پارٹیوں سے بغاوت کی اور حفیظ شیخ کو ووٹ دئیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں