چوہدری پرویز الہی کس سرکاری افسر سے ناراض ہو گئے؟ افسر نے سپیکر کا فون اپنے گن مین کو پکڑا دیا، افسر کی طلبی ہو گئی

لاہور (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے فیصل آباد میں ریسکیو 1122 کے اسٹیشن کیلئے فنڈز موجود ہونے کے باوجود جگہ مختص نہ کرانے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ڈی سی ٹیلی فون پر سپیکر سے ایسی گفتگو کر رہا ہے، جب ڈی سی

فیصل آباد کو کال کی تو مجھ سے بھی غلط بیانی کی وہ اپنے گھر موجود تھے لیکن فون اپنے گن مین کو پکڑا دیا، صوبائی وزیر پراسکیوشن چودھری ظہیر الدین کی بھی ڈی سی فیصل آباد بات نہیں سن رہے جو ارکان اسمبلی کی توہین ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے رولنگ دیتے ہوئے ڈی سی محمد علی اور ریسکیو 1122 کے انچارج احتشام کو پنجاب اسمبلی طلب کر لیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں نے ہی 2005ء میں فیصل آباد ریسکیو 1122 کے پہلے اسٹیشن کا افتتاح کیا تھا لیکن اب 16 سال بعد اس ادارے پر کتنا پریشر بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے 10 کروڑ روپے کے فنڈ موجود ہیں لیکن ان کی لاپرواہی کی وجہ سے جگہ مختص نہیں ہو رہی، وہ کہتے ہیں کہ اس جگہ پر بس اڈا بنایا جائے گا، بس اڈا زیادہ ضروری ہے یا ریسکیو کا اسٹیشن؟ اس معاملے پر سارا ہائوس کھڑا ہو گیا اور سپیکر کی بات نہ سننے پر ڈی سی فیصل آباد کے رویے کی پر زور مذمت کی۔ ن لیگ کے رکن اسمبلی خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ آپ ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب رہے ہیں لیکن ایک اٹھارہ گریڈ کا آفیسر آپ کی بھی بات سننے کو تیار نہیں جس پر بہت افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائوس کے تقدس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہوکر ہمیں ایک ہونا ہو گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close