اسلام آباد(آئی این پی)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے باعث اسکول دوبارہ کھولنےکے حوالے سے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پیر کووفاقی وزیر منصوبہ بندی اور چیئرمین این سی اوسی اسد عمر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے
نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کے زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مکمل لاک ڈائون ختم کرنے کے حوالے سے اپریل کے دوسرے ہفتے میں نظرثانی کی جائے گی۔کورونا کے بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی او سی آج منگل اسکولوں کو کھولنے کے طریقوں پربھی نظرثانی کرے گا۔اجلاس میں سینمائوں، شادی ہالز میں تقریبات اور ریسٹورنٹس کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے کو واپس لینے پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں صوبوں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال اور اس سے متعلق اقدامات، ویکسی نیشن پر پیشرفت اور قومی ویکسین کی حکمت عملی کے بارے میں غور کیا گیا۔این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے مثبت کیسز کا جائزہ لیا اور صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گراس روٹ کی سطح پر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں