اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کیلئے ہمارے سینیٹرز کو آفر ہونا شروع ہوگئی ہیں، مجھے پتا ہے کن سینیٹرز کو پیسے کی پیشکش کی جارہی ہے،کرپٹ ٹولہ ایک کرپٹ شخص کو چیئرمین سینیٹ کے منصب پر فائز کرانے کیلئے سرگرم ہے،الیکشن میں گیلانی نے اخلاقیات
کی دھجیاں اڑا دیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی و پی ٹی آئی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اورچیئرمین سینیٹ الیکشن سے متعلق مشاورت کی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق ہمارے تحفظات درست ثابت ہوئے۔ ہم نے جس خدشے کا اظہار کیا تھا سینیٹ الیکشن میں وہی ہوا۔ اپوزیشن نے پیسہ چلایا اور وہ اسلام آباد کی سیٹ جیت گئے۔گیلانی نے اخلاقیات کی دھجیاں اڑا دیں، قوم کو ان کے کردار اور حقائق سے آگاہ کریں۔ ماضی میں بھی یہ لوگ پیسے کے بل بوتے پر ایسا کرتے تھے۔ یہ پیسے سے پہلے پاور میں آتے ہیں پھر وہی پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ سینیٹ الیکشن میں الیکشن کمیشن کا کردار متنازع رہا، سینیٹ الیکشن سے متعلق ہماری پٹیشنز کو کسی خاطر میں نہیں لایا گیا، سیاست میں پیسے اور کرپشن کا عملی مظاہرہ یوسف رضا گیلانی کے الیکشن میں دیکھ لیا، پیسا صرف اسلام آباد میں نہیں بلکہ خیبرپختونخواہ میں بھی پیسا چلا ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کیلئے ہمارے سینیٹرز کو آفرز آنا شروع ہوگئی ہیں، مجھے پتا ہے کن سینیٹرز کو پیسے کی پیشکش کی جارہی ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید اور ذیشان خانزادہ نے ملاقات کی۔ جس میں سینیٹ الیکشن سے متعلق جوڑ توڑ اور سیاسی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت کے صادق سنجرانی بہت زیادہ مضبوط امیدوار ہیں۔الیکشن میں ہم بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوں گے، چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن ناکام ہوجائے گی، پی ڈی ایم کو ہر موقعے پر شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں خوب پیسا چلایا گیا۔ پیسے کو روکنے کیلئے انتخابی اصلاحات لائیں گے۔ اصلاحات لانے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے۔ مستقبل میں صاف شفاف الیکشن کیلئے انتخابی اصلاحات لائیں گے اورسینیٹ انتخابات اوپن ووٹنگ کے ذریعے منعقد ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں