لاہور(پی این آئی) پی ڈی ایم نے پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی لانے کی تیاری شروع کردی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے ظہرانے کی دعوت پر بلا لیا، بلاول بھٹو اور حمزہ شہباز ماڈل ٹاوَن میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو
زرداری کل اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے ملاقات کریں گے۔حمزہ شہباز کی جانب سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو ظہرانہ دیا جائے گا۔ حمزہ شہباز کی خصوصی دعوت پر بلاول بھٹو ماڈل ٹاؤن جائیں گے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں درمیان ملاقات میں حکومت مخالف تحریک اور پنجاب میں ان ہاوَس تبدیلی لانے پرگفتگو ہوگی۔ بلاول بھٹو اور حمزہ شہباز ماڈل ٹاوَن میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج رات اسلام آباد سے لاہورپہنچیں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول ہاؤس لاہور میں قیام کریں گے۔ مزید برآں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت جیل میں اپنے والد شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نہ ادویات ملتی ہیں اور نہ مفت ڈائیلاسز ہو رہے ہیں ،آج ملک میں کپاس اور گندم و گنے کی پیداوار کم ترین سطح پر آ چکی ہے، حکمرانوں نے 3 سال کھیل تماشے میں گزار دئیے۔نوشہرہ، ڈسکہ اور وزیرآباد کے ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں،عوام نے ان کے رویے کی وجہ سے ووٹ نہیں ڈالے، حکمران قانون توڑ کو خوش ہوتے ہیں، یہی رویہ ان کے پائوں کی بیڑی بنے گا۔ 50 لاکھ گھر وںاور ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ پورا نہ ہوا تو حکمرانوں کو عوام کے مزید غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہو ں نے کہا کہ شہباز شریف کو کمر کی تکلیف تھی لیکن ان کو راتوں رات اسلام آباد سے واپس لایا گیا، یہ انتقام ہے ۔ہماری گرفتاریوں سے بھی انہیں کوئی فائدہ ہوا ،پی ٹی آئی نے اس مدت میں کوئی ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کیا،حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے پی ٹی آئی کے لوگ اپنے اپنے حلقوں میں جانے سے گریزاں ہیں ،یوسف رضا گیلانی کی جیت عوام کے غم و غصے کا اظہار ہے،اراکین نے یوسف رضا گیلانی کوووٹ دے
کر عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ کئی لوگ کہتے تھے کہ چکن کا ریٹ حمزہ شہباز نکالتا ہے ،بتائیں میں دو سال جیل سے چکن کا ریٹ بڑھاتا رہا اگر نااہل حکمرانوں سے ملک نہیں چلتا تو چھوڑ کیوں نہیں دیتی ، حکمرانوں کو کچھ کرنا ہوگا یا گھر جانا ہوگا۔پونے تین سال اپوزیشن کو دیوار سے لگا کر بھی غربت بلند ترین سطح پرہے ،معیشت کا بھٹا بیٹھ چکا ہے ،کارخانے بند ہیں ،مزدور بے روزگار ہیں،معیشت کی گروتھ صفر اعشاریہ صفر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اپوزیشن کے خلاف رویے کو قوم حقارت کی نظر سے دیکھتی ہے ،اگر انہوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو سسٹم اور جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ایک منصوبہ بتادیں جو تحریک انصاف کی حکومت نے پورا کیا ہو،یہ کھیل تماشہ ہے اس سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم متحد ہے قوم ان سے حساب لے گی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں