اس بار میرے پاس بھاری اکثریت نہیں تھی، اگر عدم اعتماد ہو گیا تو کیا کروں گا؟ وزیراعظم نے اپنی شکست میں بھی فائدہ ڈھونڈ لیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام ہوگیا تو آئندہ زیادہ اکثریت لے کر آؤں گا، اس بار میرے پاس بھاری اکثریت نہیں تھی، مجھے ہارنے اور جیتنے کا زیادہ تجربہ ہے، ہارنے کی کوئی فکر نہیں، انسان ہار سے بہت کچھ سیکھتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران

خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے عدم اعتماد کیلئے ارکان کو اعتماد میں لیا۔پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور حق میں نعرے بازی بھی کی۔ عمران خان نے کہا کہ میں نے ایک مقصد کیلئے سیاست شروع کی، جمہوریت اور رائے کی آزادی پر یقین رکھتا ہوں۔مجھے کوئی بلیک میل کرکے اپنی بات نہیں منواسکا،مافیا کے ساتھ ابھی جنگ جاری ہے، ہم نے اس مافیا کا مقابلہ کرنا ہے، میر امنشور سیاست سے پیسے کو ختم کرنا ہے، جو میرے ساتھ ہیں وہ کل بھی میرے ساتھ ہوں گے، لیکن جس کو مجھ پر اعتماد نہیں کھل کر اظہار کرے،اگر میں آپ کی نظر میں غلط ہوں تو بے شک میرا ساتھ چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ کی امانت دے کر ایوان میں بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدھی بات کرتا ہوں ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے خود کو بیچا،جس سے حفیظ شیخ کو شکست ہوئی، آپ ضمیر کی آواز پر فیصلہ کریں پیسے لے کر ووٹ دینا بددیانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد میں ناکام ہوگیا تو آئندہ زیادہ اکثریت لے کر آؤں گا، مجھے ہارنے اور جیتنے کا زیادہ تجربہ ہے۔ہارنے کی کوئی فکر نہیں، انسان ہار سے بہت کچھ سیکھتا ہے، ہار بھی گیا تو آئندہ زیادہ اکثریت لے کر آؤں گا، اس بار میرے پر بھاری اکثریت نہیں تھی۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو یقین دہانی کروائی حلقہ ہم سنبھالیں گے آپ اپنے مقصد پر ڈٹے رہیں۔ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے حکومتی اتحادیوں مسلم لیگ ق اور ایم کیوایم کے وفد نے ملاقات کی ۔جس میں سینیٹ الیکشن میں شکست اور اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔ ایم کیوایم کے وفد نے یقین دہانی کروائی کہ اتحادی تھے اور رہیں گے، حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں ہر صورت وزیر اعظم کا ساتھ دیں گے، یقین ہے عمران خان خود کرپشن کرتے ہیں اور نہ ہی اس کو پسند کرتے ہیں، ہماری کوئی ڈیمانڈ نہیں ، کراچی اور سندھ سے متعلق ہر مشاورت میں شامل کیا جائے۔اسی طرح مسلم لیگ ق کے وفد سے گفتگو میں وزیر اعظم نے کہا کہ اتحادیوں سے کیے تمام وعدے پورے کریں گے۔ ق لیگی وفد نے کہا کہ حفیظ شیخ کو ووٹ دیا وزیراعظم کو بھی ووٹ دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close