وزیراعظم عمران خان سے معروف سیاسی رہنما کی ملاقات ، تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی) معروف سیاسی شخصیت منیر احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔وزیر اعظم نے منیر احمد خان کے فیصلے کو سراہا۔ وزیر اعظم ہاوس میں ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیاراور وفاقی

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی موجود تھے۔ملاقات میں منیر احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تقدیر اور مستقبل وزیر اعظم عمران خان کی ویژنری قیادت کے ہاتھ میں ہونے سے محفوظ اور روشن ہے، انھوں نے کہا کہ وہ آئندہ ایک برس کے دوران ملک میں بڑی اور مثبت تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔منیر احمد خان نے کہا کہ ہر پاکستانی اور خصوصا نوجوان نسل اس بات پر فخر محسوس کرتی ہے کہ ملک کی باگ ڈور اس لیڈر نے سنبھالی ہوئی ہے جس کا دامن صاف اور کرپشن سے پاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان گذشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور مافیا سے لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی بے باک قیادت اور بے لوث جدوجہد ست متاثر ہو کر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اس مشن کا حصہ بن سکیں جس کے لئے عمران خان جدو جہد کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے منیر احمد خان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اور افراط زر سمیت تمام مسائل کی وجہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی گئی لوٹ مار اور کرپشن ہے۔ میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ

منیر احمد خان تحریک انصاف میں شمولیت سے قبل تحریک بحالی جمہوریت (اے آر ڈی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ہونے کے علاوہ مختلف حکومتوں میں مشیر اور دیگر مرکزی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں