وزیر خزانہ کی شکست حکومت پر عدم اعتماد ہے، الیکشن مہم خود وزیراعظم نے چلائی، اپوزیشن ڈٹ گئی

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شکست سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، 40وزراء اکٹھے ہو کر کہتے ہیں کہ ہم اعتماد کا ووٹ لیں گے، قانون اور نہ آئین کا اس حکومت کو کچھ پتہ ہے، اسپیکر بھی ڈائس چھوڑ کر بھاگا تھا، یہ آج پاکستان کی قومی

اسمبلی اور موجودہ حکومت کی حالت ہے، کل پورے پاکستان نے دیکھ لیا ہے، اس حکومت کا وزیر خزانہ امیدوار تھا اور اس کی کمپین وزیراعظم نے خود چلائی تھی، اربوں کی سکیموں کے وعدے کئے، ہر قسم کی دھاندلی کی کوشش کی، اس کے باوجود بھی حکومت کو شکست ہوئی۔ جمعرات کو پی ڈی ایم رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران نیازی اور موجودہ حکومت قوم کا اعتماد کھو چکے ہیں، حکومت سے ہی 17 افراد نے اس کے خلاف ووٹ دیا ہے، حکومت کے پاس اکثریت نہیں ہے، یہ بات بالکل واضح ہے اور اس کا صرف ایک ہی حل ہے کہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے نیا الیکشن ہو اور پاکستان کے عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنی رائے کا حق ملنا چاہیے، موجودہ حکومت نے پاکستان کے عوام کو مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کا کہ اسمبلی کو اس طرح دھوکے سے چلانے کا وقت ختم ہو چکا ہے، اس حکومت کی کاکردگی پورے پاکستان نے دیکھی ہے، اس کی ناکامی سے پورا پاکستان پریشان ہے، واحد راستہ ہے کہ پاکستان کی عوام نئی حکومت منتخب کریں جو اس مشکل کا حل نکال سکیں، آج 2018کے الیکشن کا وقت ختم ہو چکا ہے جو پاکستان کو صرف مشکل دے سکا، جتنی جلدی نئے الیکشن ہوں گے تو بہتر رہے گا ورنہ نہ ملک چلے گا نہ پارلیمان چلے گی اور نہ ہی معیشت

اور عوام کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ پاکستان کے عوام اور پی ڈی ایم کا مطالبہ ہے اور حکومتی بینچوں کا بھی یہی مطالبہ ہے جس کا اظہار انہوں نے کل کر دیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close