سینیٹ الیکشن 2021: کس جماعت کو کتنی نشستیں ملنے کا امکان ہے؟ تفصیلی خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) چند گھنٹوں بعد سینیٹ الیکشن کا میدان سجنے کو تیار، چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں کل 37 نشستوں کیلئے ووٹنگ ہو گی، حکمراں جماعت تحریک انصاف کو سب سے زیادہ نشستیں حاصل ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ایوان بالا سینیٹ کی 37 نشستوں کے انتخابات کے لئے

پولنگ بدھ کو ہوگی،پولنگ تین صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں صبح 9 بجے سے سہ پہر 5 بجے تک ہوگی۔کل 3 مارچ کو مجموعی طور پر 48 نشستوں کا الیکشن ہونا تھا، تاہم پنجاب میں بلا مقابلہ الیکشن انجام پانے کے بعد اب تینوں صوبوں اور وفاق میں کل 37 نشستوں پر الیکشن ہوگا۔ پنجاب میں 5 نشستیں تحریک انصاف، 5 مسلم لیگ ن اور 1 نشست مسلم لیگ ق کے حصے میں آئیں۔ سندھ میں 11 ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 12،12 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔جبکہ وفاقی دارلحکومت میں 2 نشستوں کے لئے پولنگ ہوگی۔37 نشستوں میں سب سے کڑا مقابلہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے درمیان ہوگا۔ وفاقی دارلحکومت کی 2 نشستوں پر چار امیدوار میدان میں ہیں۔سندھ میں 7 جنرل نشستوں پر10 امیدوار،ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر4 امیدوار اور خواتین کی دو نشستوں پر3 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔ خیبر پختونخوا میں 7 جنرل نشستوں پر11امیدوار، 2 ٹیکنوکریٹس پر5 ، خواتین کی 2 نشستوں پر5 اور اقلیتوں کی ایک نشست پر4امیدوار مدمقابل ہیں۔بلوچستان سے7 جنرل نشستوں پر16امیدوار،دو ٹیکنو کریٹس پر 4 امیدوار،خواتین کی دو نشستوں پر 8 اور اقلیتوں کی ایک نشست پر4امیدوار مدمقابل ہیں۔ قومی اسمبلی ہال اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ہال بطور پولنگ سٹیشن استعمال کئے جائیں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ موجودہ وزراء شبلی فراز،فیصل واوڈا، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی،سابق ڈپٹی چئیرمین سینٹ عبدالغفور حیدری،سابق وزیر اطلاعات شیری رحمان،سابق وزیر قانون فاروق ایچ نائیک،سابق رکن آسیہ ناصر،عثمان خان کاکڑ،مولانا عطاءالرحمن، سرفراز بگٹی، ستارہ ایاز، محسن عزیز، ذیشان خانزادہ، تاج آفریدی انتخابات میں دوبارہ حصہ لے رہے ہیں۔ بتایا گیا کل 3 مارچ کے انتخابات کے نتیجے میں سینیٹ میں تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہونے کا امکان ہے۔ حکمراں جماعت کو کل کے الیکشن کے بعد سینیٹ میں کل 28، پیپلز پارٹی کو کل 19، ن لیگ 17 جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کو کل 13 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close