آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنیکی دشمن کی کوششوں کیخلاف چوکس اور ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا، جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی(آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے پرعزم ہے، دشمن کی جانب سے بدامنی پھیلانے اور آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کیخلاف چوکس اور ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا،دیرپا امن و ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کیلئے ہمیں

پرعزم اور متحد رہنا پڑے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو شمالی وجنوبی وزیرستان اضلاع کا دورہ کیا، آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ رجیم،علاقے میں استحکام کیلئے آپریشنز،سماجی واقتصادی ترقی کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی،جس میں بارڈر ٹرمینلز کا کھولنا بھی شامل ہے۔آرمی چیف نے پورا دن آسمان،منزہ،جنوبی وزیرستان اور وشمالی وزیرستان میں میر علی میں گزارا۔اس موقع پر افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سول انتظامیہ کی رٹ کے نفاذ کیلئے محفوظ و سازگار ماحول کو یقینی بنانے میں ان کے عزم و پیشہ وارانہ کردار کو سراہا۔آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے پرعزم ہے اور سرحدی سیکورٹی کو مضبوط بنانے اور ایف سی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جارہا ہے۔میر علی میں قبائلی عمائدین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کی بلاخوف حمایت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کی تعریف کی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں زیادہ تر امن بحال ہوچکا ہے،سخت محنت سے بحال کئے گئے امن کو مقامی آبادی،سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مجموعی کاوشوں کے ذریعے برقرار رکھا جائے گا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمیں بدامنی پھیلانے اور آپریشن

رد الفساد کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کی دشمن کی جارحانہ کوششوںکو ناکام بنانے کیلئے چوکس اور ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔دیرپا امن و ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کیلئے ہمیں پرعزم اور متحد رہنا پڑے گا۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے استقبال کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں