جھوٹا پراپیگنڈہ کرنے سے گریز کریں، جماعت اسلامی پی ٹی آئی امیدواروں کو ووٹ دے گی یانہیں؟ فیصلہ سنا دیا گیا

لاہور(پی این آئی) جماعت اسلامی نے وفاق اور صوبوں میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کردیا، ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ مجلس عاملہ نے کیا، حکومت اور پی ٹی آئی رہنما جھوٹا پراپیگنڈہ کرنے سے گریز کریں۔ تفصیلات کے مطابق

جماعت اسلامی کے سیکرٹری اطلاعات اور ترجمان قیصر شریف نے سینیٹ الیکشن سے متعلق مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی وفاق اور صوبوں میں تحریک انصاف اور حکومت کے امیداروں کو ووٹ نہیں دے گی۔یہ فیصلہ جماعت اسلامی پاکستان کی مجلس عاملہ میں کیا گیا۔مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیر صدارت ہوا۔خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کے ساتھ ہونے والے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاہدہ کے توثیق کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی مرکز اور صوبہ سندھ میں کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دے گی۔ حکومت اور تحریک انصاف کے رہنما جھوٹا پراپیگنڈہ کرنے سے گریز کریں۔قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے پلیٹ فارم سے عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ واضح رہے اطلاعات گردش کررہی تھی کہ تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کو پی ڈی ایم کی حمایت نہ کرنے کیلئے راضی کرلیا ہے جبکہ گزشتہ ہفتے جماعت اسلامی نے وفاق میں سینیٹ الیکشن کیلئے پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ لیکن گزشتہ روز تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی جانب سے جماعت اسلامی کے رہنما امیر المعظم سے ملاقات کی گئی۔جس میں اعجاز چوہدری نے سینیٹ الیکشن کیلئے جماعت اسلامی کی حمایت مانگی، تاہم جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی حمایت کرنے سے معذرت کرلی۔ تاہم بتایا گیا کہ ملاقات میں بڑی پیشرفت یہ ہوئی ہے کہ جماعت اسلامی پی ڈی ایم کی حمایت کا فیصلہ بھی واپس لینے کیلئے راضی ہوگئی۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے اعجاز چوہدری کو یقین دہانی کروائی کہ جماعت اسلامی سینیٹ الیکشن کیلئے سندھ اور وفاق میں ہونے والی ووٹنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close