کراچی (پی این آئی) آج صبح 5 بجے بھارتی مسافر طیارے نے کراچی ائر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، طیاری جو شارجہ سے بھارتی شہر لکھنئو کے لیے پرواز کر رہا تھا، جب کراچی کے اوپر تھا تو ایک مسافر کی طبیعت شدید خراب ہو گئی جسے فوری طبی امداد کی ضرورت تھی۔ پاکستان کے شہری ہوابازی کے
حکام نے انڈیگو ائیر لائن کی پرواز 6 ای 1412 کو کراچی لینڈنگ کے لیے پائلٹ کی درخواست قبول کر لی لیکن مسافر حبیب الرحمان سلمان جس کی طبیعت خراب تھی لینڈنگ سے قبل ہی انتقال کر چکا تھا۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق شارجہ سے بھارتی شہر لکھنؤ جانے والی انڈیگو ائیر لائن کی پرواز جونہی ایران کے راستے پاکستانی حدود میں داخل ہوئی تو جہاز میں سوار ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی۔ کپتان کی جانب سے ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا گیا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جہاز کو کراچی ائیرپورٹ اتارنے کی اجازت مانگی گئی۔ شہری ہوابازی کے متعلقہ حکام کی اجازت ملنے پر طیارے نے صبح 5 بجے ہنگامی طور پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا لیکن ہنگامی طبی امداد دیے جانے تک 60 سالہ مسافر حبیب الرحمان سلمان جہاز میں ہی انتقال کر چکا تھا۔بعد ازاں ڈاکٹر کی جانب سے موت کی تصدیق اور دستاویزی کارروائی اور ضروری اقدامات کے بعد فلائٹ 6 ای 1412 صبح 8 بج کر 36 منٹ پر کراچی سے احمد آباد کے لیے روانہ ہوگئی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں