کراچی (پی این آئی) 15 ممالک کے شہریوں کے پاکستان آنے پر پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر تاحال کرونا وائرس کا پھیلاو جاری رہنے کی وجہ سے پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی مسافروں کی پاکستان آمد سے متعلق کرونا ایس او پیز کے اطلاق میں مزید توسیع کر دی ہے۔ بتایا گیا
ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کی پاکستان آمد سے متعلق کرونا ایس او پیز میں 14 مارچ تک توسیع کردی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایس اوپیز سے متعلق نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا۔نئے نوٹی فیکیشن کے مطابق کیٹیگری سی کی فہرست میں مزید توسیع کردی گئی ہے، جس کے بعد اس کٹیگری میں شامل ممالک کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ اس کیٹیگری میں شامل ممالک کے شہریوں کی پاکستان آمد پر عارضی سفری پابندی برقرار رہیں گی۔ان ممالک کے شہریوں کو بنا کرونا نیگیٹو ٹیسٹ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اجازت نامے کے پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔کیٹیگری سی میں برطانیہ، جنوبی افریقہ، آئر لینڈ، برازیل، پرتگال، نیدرلینڈ، بوٹسوانا اور زیمبیا اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ سول ایوی ایشن نے تمام ممالک کو کل 3 کیٹیگری میں تقسیم کیا ہے۔ کیٹیگری سی کے علاوہ کیٹیگری اے میں آسٹریلیا، چین، سعودی عرب اور قطر سمیت 24 ممالک شامل ہیں۔ جبکہ کیٹیگری اے اور سی کے علاوہ باقی تمام ممالک کیٹیگری بی میں شامل کیے گئے ہیں۔کیٹیگری بی میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو سفر سے قبل کرونا ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان نےبھی کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔ ان پابندیوں کے نفاذ کو ایک سال کا عرصہ ہو چکا۔ پاکستان میں کرونا وبا کا زور کم ہونے پر عائد سفری پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔ تاہم پھر برطانیہ سمیت کچھ ممالک میں کرونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاو کے بعد پاکستان نے دوبارہ سے کچھ ممالک کے سخت سفری پابندیاں عائد کر دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں