اسلام آباد (پی این آئی) سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے لیے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے جہاں اراکین اسمبلی کو ووٹ کے لیے خط لکھا وہیں وزیراعظم عمران خان سے بھی مدد مانگ لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ انتخابات میں حمایت کے لیے وزیراعظم عمران خان
کو بھی خط لکھا اور ان سے درخواست کی کہ وہ 3 مارچ کو سینیٹ انتخاب کے دن انہیں ووٹ دیں۔اس خط میں یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی کہ وہ 3 مارچ کے سینیٹ انتخاب کے لیے ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ جہاں مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت نے مجھ پر اعتماد کیا ہے وہاں اس اعتماد سے جُڑی ہوئی بھاری ذمہ داری کا بھی احساس ہے۔میں 1985ء سے پارلیمان کا حصہ ہوں اور میرے 4 دہائیوں کا سیاسی سفر سب کے سامنے ہے۔2008ء میں جب مجھے وزیراعظم منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تو تب میں کسی جماعت کا نہیں بلکہ تمام ممبران کا وزیراعظم رہا اور حزب اختلاف کے ممبران کے لیے وزیراعظم ہاؤس اور دفتر کے دروازے ہر وقت کُھلے رہے۔ انہوں نے خط میں کہا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے یکجہتی کی ضرورت ہے اور ہمیں پارلیمان کے تقدس کے لیے اکٹھے ہونا ہے۔ سیاسی و نظریاتی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے۔یوسف رضا گیلانی نے اراکین قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں مزید کہا کہ الیکشن اپنی انا کی تسکین یا حکومت کے خلاف نہیں لڑ رہا بلکہ اس پارلیمنٹ کی ناموس کے لیے لڑ رہا ہوں جس نے مجھے اور آپ کو عزت بخشی، میرے پر اس پارلیمان کا قرض ہے، احسان ہے، یہ پارلیمان میرا گھر ہے اور آپ سب میرا خاندان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ آپ 3 مارچ کو میرے کرداراور سیاسی زندگی کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے اس سے قبل اراکین اسمبلی کو بھی خطوط ارسال کیے جس میں ان سے ووٹ کی درخواست کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں