اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کو پورے ووٹ ملیں گے اور حفیظ شیخ سینیٹر منتخب ہوجائیں گے ، جو عمران خان سے غداری کرے گا وہ ملکی سیاست میں نہیں رہ سکے گا، 23 مارچ کو بڑی پریڈ ہوگی، پی ڈی ایم سے درخواست ہے احتجاج کا وقت تبدیل کرتے ہوئے اپنا
احتجاج دو چار دن آگے لے جائیں ، سول اور ملٹری قیادت کے اچھے تعلقات کا ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں کوئی پھوٹ نہیں ہے ، چوروں اور لٹیروں نے معیشت کو تباہ کردیا تھا، پی ٹی آئی حکومت نے تباہ ہوتی معیشت کو سنبھالا ہے ، عمران خان کی قیادت میں حفیظ شیخ سینیٹ کا الیکشن جیتیں گے ، میں صرف عمران خان کو پی ٹی آئی سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سینیٹ الیکشن سے متعلق پروپیگنڈا ٹائیں ٹائیں فش ہوگیا ، اوپن بیلٹ سے متعلق کل عدالت کا فیصلہ آنے والا ہے پھر فیصلہ کریںگے پریس کانفرنس کرنی ہے یا نہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ 2012ء میں پاکستان ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ تھا ، اس وقت پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 27 سے 24 نکات کلیئر کردیے ہیں جب کہ دیگرنکات پر بھی جلد عمل درآمد کرکے پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ دوسری جانب ذرائع کہتے ہیں کہ پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹرز منتخب کروانے میں وفاقی وزیر داخلہ نے اہم کردار ادا کیا ، وہ وزیر اعظم عمران خان کو سمجھاتے رہے کہ ٹکراو کی سیاست سے نقصان ہورہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب سے اپوزیشن اور حکومت کے سینیٹرز کے بلامقابلہ انتخاب میں شیخ رشید احمد کی رضامندی شامل تھی ، جب کہ حمزہ شہباز شریف کی ضمانت ہونے میں بھی وفاقی وزیر داخلہ کی رائے شامل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں