بلوچستان میں بڑا سرپرائز، اے این پی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے درمیان معاملات طے پا گئے

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر و وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے درمیان سینٹ انتخابات کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں ہم وعدے کے مطابق اے این پی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی حوصلہ

شکنی کی گئی ہے تمام جماعتوں نے انفرادی طور پر سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں کی سرکوبی کی حکومتی اتحادی جماعتیں ملکر اپنے نمبرزگیم کے حساب سے بھر پور کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریگی ، اسد خان اچکزئی کا قتل افسوسناک واقعہ ہے اگر تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بناناپڑا تو وہ بھی بنائیں گے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کی رات ارباب ہاؤس کوئٹہ میں عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بی اے پی کے جنرل سیکرٹری سینیٹر منظور خان کاکڑ،بی اے پی کے بانی سعیداحمدہاشمی ،صوبائی وزراء وارکان اسمبلی سردار محمد صالح بھوتانی، سردارعبدالرحمن کھیتران، میر ظہور بلیدی ،انجینئر زمرک خان اچکزئی،نورمحمددمڑ،مٹھا خان کاکڑ،عبدالخالق ہزارہ ،مبین خان خلجی ، دھنیش کمار، بشریٰ رند، لالا رشید بلوچ ،میر جان محمد جمالی ،نصیب اللہ مری ،سیداحسان شاہ ، گہرام بگٹی،شاہینہ مہترزئی ،ارباب عمر فاروق کاسی ،رشید خان ناصر،مابت کاکا،ببلوچستان عوامی پارٹی کے سینٹ کے امیدوار نوید کلمتی ،ثمینہ ممتاز،بلال کاکڑ،فاروق جمالی ،سمیت دیگر بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی، پی ٹی آئی ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی ،جمہوری وطن پارٹی ،بی این پی (عوامی)،پاکستان نیشنل پارٹی(عوامی)حکومتی

اتحاد میں شامل ہیں اور یکجا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے تحفظات ہیں انہیں بھی خوش اسلوبی سے حل کرلیا جائے گاوزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی صورتحال کومد نظر رکھتے ہوئے حکومتی اتحادی جماعتوں نے ملکر فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان کے مفاد میں ہرممکن اقدامات اٹھائیں جائیں گے اور اگرہمیں ضرورت پڑی تو دیگر جماعتوںسے بھی رابطے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ماضی میں بلوچستان عوامی پارٹی کا سینٹ کے انتخابات میں ساتھ دیا ہے ہمارا ان سے جووعدہ تھا ہم اس پرقائم ہیںاورانہیں سینٹ انتخابات میں بھر پور سپورٹ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مفادات میں یہاں کی تمام سیاسی قیادت اکٹھی ہے اور ہم وفاق سے بھی اس حوالے سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی ، مسائل کو حل کرنے اور مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے بھی اجتماعی کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اپنا موقف ہے لیکن عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت نے انتہائی مثبت انداز میں بلوچستان کے مفاد میں یہاں کے فیصلے کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا کسی اتحادی سے آمنا سامنا نہیں ہر جماعت کا اپنا موقف ہے اورسیاسی طریقہ کارہے پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ہوں یا ارکان اسمبلی ہم تمام معاملات کو انکے ساتھ بیٹھ کر خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ

بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے فیصلے یہی کر رہی ہے ہم نے عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما یا عبدالقادر کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیاالبتہ عبدالقادر بلوچستان عوامی پارٹی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار تھے تاہم پی ٹی آئی کواپنی جماعت کی جانب سے دباو کی وجہ سے فیصلہ واپس لینا پڑاجوکہ جمہوری طریقہ کار بھی تھا کہ وہ اپنی پارٹی کے لوگوں کی رائے کا احترام کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں سینٹ کے حوالے سے تمام سیاسی لوگوں کو پیسہ نظرآتا ہے لیکن انہیں سینٹ میں بیٹھے ارب پتی نظر نہیں آتے جن کی ایک عمارت میں عبدالقادر ملازم بھی نہ لگے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت سے گلہ ہے کہ وہ بلوچستان کو پیسوں کے حوالے سے نہ دیکھیں بلوچستان میں ماحول تبدیل ہورہاہے یہ نہیں کہہ سکتا کہ پیسے بالکل خرچ نہیں ہوئے تاہم اس بار سینٹ انتخابات میں تبدیلی نظرآرہی ہے پہلے لوگوں کی نظر صرف پیسے پرہوتی تھی لیکن حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں نے اس بار ڈسپلن قائم کرکے انفرادی طور پر ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں کی سرکوبی کی ہے اس بار سینکڑوں فارم بھی جمع نہیں ہوئے جوکہ مثبت اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر شو آف ہینڈ کا آرڈیننس منظور ہوجاتاتو ہم سب ہاتھ کھڑے کرکے اپنے اتحادیوں کو ووٹ کا یقین دلاتے لیکن اب ہم روایات کو برقراررکھتے ہوئے وعدہ خلافی نہیں کریں گے بلوچستان عوامی پارٹی اتحادیوں

سے کئے گئے وعدوںپرقائم ہے حکومتی اتحاد میں شامل 42ارکان کو یکجا کرکے بھر پور کامیابی حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں نمبر گیم بہت زیادہ حساس ہے اس حوالے سے کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اسد خان اچکزئی کا قتل افسوسناک واقعہ ہے حکومت نے پہلے بھی انکی بازیابی کے حوالے سے بھر پورکوشش کی اور اب بھی تحقیقات ہونگی اورانصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے اگر ضرورت پڑی تو جوڈیشل کمیشن بھی بنائیں گے۔ اس موقع پرعوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے بلوچستان میں اتحادی ہونے کے ناطے عوامی نیشنل پارٹی بھر پور انداز میں بی اے پی کے ساتھ ملکر حصہ لے گی ۔انہوں نے کہا کہ فی الحال سینٹ انتخابات میں مراحل باقی ہیں چیئرمین سینٹ کابھی انتخاب ہونا ہے اس حوالے سے یہ کہنا کہ حکومت کا حصہ بنیں گے یا اپوزیشن کا قبل ازوقت ہوگا لیکن ایک بات طے ہے کہ اگر ہمارا سینیٹر منتخب ہواتو وہ بلوچستان کے مفادات کادفاع کریگا۔انہوں نے کہا کہ آج پارٹی کیلئے افسوسناک دن ہے اسدخان اچکزئی کے قتل کی خبر کوئٹہ پہنچ کر ملی ایک ماہ قبل انکا موبائل ملاتھاجس سے انکے گھر والوں کو مسیج بھی آئے تھے اور آج اس طرح انکی نعش ملنا سوالیہ نشان ہے

عوامی نیشنل پارٹی کا مطالبہ ہے کہ اسدخان اچکزئی کے قتل کی بلوچستان ہائی کورٹ سے جوڈیشل تحقیقات کروائی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل ہو اور اگر کسی پر مقدمات ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close