اسلام آباد (پی این آئی) سستا ترین فضائی سفر، متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، نجی ائیرلائن کا اسلام آباد سے شارجہ کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان، کرایہ صرف چند ہزار روپے مقرر۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مقامی پروازیں چلانے والی نجی ائیر لائن سیرین ائیر نے
اب بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی ہیں۔ائیرلائن حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے 2017 میں مقامی پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ اب 3 سال کے تجربے کے بعد پاکستانی نجی ائیرلائن سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے 4 شہروں کیلئے پروازیں شروع کرے گی۔ سیرین ائیر کی جانب سے ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات کے دبئی اور شارجہ جبکہ سعودی عرب کے شہروں جدہ اور ریاض کیلئے پروازیں شروع کی جائیں گی۔کمپنی حکام کا بتانا ہے کہ سیرین ائیر اس وقت پاکستان کی تیسری بڑی ائیرلائن بن چکی ہے جو اندرون ملک ہفتہ وار 84 پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔ سیرین ائیر کرونا بحران کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں جلد شروع نہ کر سکی، تاہم اس دوران بھی ائیرلائن کی جانب سے متحدہ عرب امارات کیلئے درجنوں خصوصی پروازیں چلا کر ہزاروں پاکستانیوں کو ملک واپس لایا گیا۔یوں سیرین ائیر خصوصی پروازوں کے آپریشن کے ذریعے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کا تجربہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی، اور اب اسی تجربے کا فائدہ اٹھا کر بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں نجی ائیرلائن اسلام آباد سے شارجہ کیلئے پروازوں کا آغاز کرے گی۔ اسلام آباد سے شارجہ کیلئے سیرین ائیر کی پہلی پرواز 15 مارچ کو اڑان بھرے گی۔ دونوں شہروں کے درمیان یک طرفہ سفر کا کرایہ 17 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں