حکومت نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کو کامیابی دلوانے کیلئے کتنے اپوزیشن اراکین اسمبلی سےرابطہ کر لیا؟ پی ڈی ایم مشکل میں پڑ گئی

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے سینٹ الیکشن میں مطلوبہ کامیابی کے حصول کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین سے رابطہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے پیپلزپارٹی،مسلم لیگ ن اور بی این پی مینگل کے ارکان اسمبلی سے رابطہ کیا۔ حکومت نے

20 سے زائد اپوزیشن ارکان سے اسلام آباد سے حفیظ شیخ نشست کے لیے حمایت طلب کی۔اپوزیشن اراکین سے رابطہ کرنے والے سینئروفاقی وزرا تھے اور اس حوالے سے حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کے 20 سے 25 ارکان نے حمایت کی یقین دہانی بھی کروا دی ہے۔دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے بھی ایسے ہی دعوے کیے جارہے ہیں۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ناراض اراکین کو منانے کی کوششیں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جس وزیر سے استعفیٰ لیا اس کو ملنے کے لیے بلایا ۔وزیراعلیٰ نے سابق وزیر قانون سلطان محمد خان سے ملاقات کی، سلطان محمد نے امیدواروں کی نامزدگی پر پارٹی کے فیصلوں کی تائید کی ۔ سندھ میں سینٹ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی حتمی فہرست کے مطابق 7 جنرل نشستوں پر 10 امیدوار انتخاب لڑیں گے ۔ جنرل نشستوں پر ایم کیو ایم پاکستان کے فیصل سبزواری، پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا، جی ڈی اے کے صدرالدین شاہ، پیپلز پارٹی کی شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا، جام مہتاب، شہادت اعوان، تاج حیدر، صادق میمن، دوست علی جیسر انتخاب لڑیں گے ،ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر4 امیدوار حصہ لیں گے جن پر پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک، کریم خواجہ، پی ٹی آئی کے سیف اﷲ ابڑو،تحریکِ لبیک پاکستان کی طرف سے یشاء اﷲ خان شامل ہیں۔خواتین کی 2 نشستوں پر پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان، رخسانہ شاہ اور ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب امیدوار ہیں۔ اسلام آباد سے بھی امیدواروں کی حتمی فہرست شائع ہو گئی ۔ جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ ،خواتین کی

نشست پر پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد اور ن لیگ کی فرزانہ کوثر مد مقابل ہوں گی ۔ خیبرپختونخوا الیکشن کمیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق 12 نشستوں پر 25 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔جنرل نشست پر تحریک انصاف کی طرف سے شبلی فراز ، لیاقت ترکئی ، ذیشان خانزادہ، محسن عزیز اور فیصل سلیم ، تاج محمد آفریدی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار ہیں۔ جنرل نشست پر جے یو آئی (ف) کے مولانا عطا الرحمان اور طارق خٹک امیدوار، مسلم لیگ ن کے عباس آفریدی، اے این پی کے ہدایت اللہ خان ، جماعت اسلامی کے عطائالرحمان امید وار ہونگے ۔ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر ہمایوں اوردوست محمد ، پیپلزپارٹی سے فرحت اللہ بابر، اے این پی سے شوکت جمال اور جماعت اسلامی کے اقبال خلیل امیدوار ہیں۔

خواتین کی نشستوں پر تحریک انصاف سے ثانیہ نشتر اور فلک ناز چترالی، جے یوآئی ف کی نعیمہ کشور ،اے این پی کی تسلیم بیگم اور جماعت اسلامی کی طرف سے عنایت بیگم امید وار ہیں۔ اقلیت کی نشست پر تحریک انصاف کے گوردیپ سنگھ ، جے یوآئی ف کے رنجیت سنگھ، جماعت اسلامی کے جاوید گل اور اے این پی کے آصف بھٹی امیدوار ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں