اسلام آباد (آئی این پی)موجودہ وبا کے پہلے سال کے دوران پاک چین سدا بہار دوستی زیادہ مضبوط اور گہری ہوئی ، اس دوران مستحکم اسٹریٹجک باہمی اعتماد اور حقیقی باہمی تعاون کا مظاہرہ دیکھنے میں آ یا ۔چائنہ اکنامک نیٹ(سی ای این)کی رپورٹ کے مطابق اس سے وہ کہاوت درست ثابت ہوئی جس میں کہا گیا ہے
کہ دوست وہ جو مصیبت میں کام آئے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قدرتی آفات اور بیماریوں کے پھیلنے جیسے مشکل اوقات میں افراد یا ممالک کے مابین تعلقات کا صیح قدر کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ جذبہ دوستی کے طور پر پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مارچ 2020 میں بیجنگ کا دورہ کیا اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اسلام آباد کی چین کے ساتھ حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ جلد ہی دنیا کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس کے اثرات ظاہر ہونے لگے۔ پاکستان میں 26 فروری 2020 کو کووڈ 19 کے پہلے دو کیس رپورٹ ہوئے ۔پاکستان جیسے کمزور معیشت والے ملک کیلئے دوست ممالک کی امداد کے بغیر کووڈ 19 کا مقابلہ کرنا ناممکن تھا۔ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کا ہر ملک اپنے عوام کو وائرس سے بچانے پر توجہ مرکوز کر رہا تھا ، چین نے ایک خصوصی طیار ے کے ذریعے امدادی سامان اور طبی ماہرین کی ایک ٹیم 28 مارچ2020 کو پاکستان بھیجی۔ چینی حکومت کے علاوہ علی بابا فائونڈیشن اور جیک ما فائونڈیشن نے بھی پاکستان کو ٹیسٹ کٹس اور فیس ماسک عطیہ کیے۔ چین نے اسپتالوں میں مریضوں کے علاج کے لئے وینٹیلیٹرز بھی پاکستان کے حوالے کیے ۔ چین کے آٹھ طبی ماہرین کی ایک ٹیم دو ہفتوں تک پاکستان میں رہی اور اس نے کورونا وائرس سے لڑنے میں پاکستانی ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کی مدد کی۔ چینی امداد
صرف طبی میدان تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ چین نے پاکستان کو کوڈ 19 سے لڑنے کے لئے 15 ملین ڈالر کی گرانٹ امداد بھی فراہم کی ۔ چونکہ پاکستان میں کووڈ 19 کے کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ، چین نے بھی پاکستان کے لئے اپنی امداد میں اضافہ کیا۔ 2020کے آخر میں مختلف دوا ساز کمپنیوں نے دنیا میں کورونا وائرس ویکسین تیار کیں اور بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن پروگرام شروع ہوگئے۔ اس نازک وقت پر چین نے پاکستان کے لئے سائنوفارم ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان کیا۔ پچھلے ایک سال کے دوران پاکستان میں576000کے لگ بھگ کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جن میں 12700سے زیادہ اموات کورونا سے ہوئیں ۔ کورونا جیسی وبائی مرض آخر کار ختم ہوجا ے گی ۔ تاہم اس عرصے میں چین پاکستان دوستی کو مزید تقویت ملی ہے۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایک چینی کہاوت ہے ، “دوست وہ ہے جو خوشی میں نہیں لیکن مشکل وقت میں اپنی محبت کا اظہار کر ے ۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں