وزیراعظم کے لیے اب حالات تبدیل ہوتے نظر آ رہے ہیں، سینئر صحافی نے مریم نواز کو کامیاب قرار دیتے ہوئے بڑی پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی) سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا ہے کہ اب وزیراعظم عمران خان کے لیے حالات بدل رہے ہیں ۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ مریم نواز جو الزمات لگاتی تھیں اور اداروں کو ڈراتی تھیں ان میں کافی حد تک کامیاب ہو چکی

ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ ضمنی انتخابات میں پولنگ دوبارہ کروانے کے فیصلے نے واضح کردیا ہے کہ اب وزیراعظم کے حالات تبدیل ہونے والے ہیں ۔کچھ بڑوں کو مریم نواز پسند ہیں تو کسی کو بلاول بھٹو، اس لیے وزیراعظم کے لیے اب حالات تبدیل ہوتے نظر آ رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 75 ڈسکہ کے انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے 18مارچ کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔جمعرات کوچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے این اے 75 مبینہ انتخابی دھاندلی کیس کی سماعت کی۔مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار کی نمائندگی کرنے والے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جن پولنگ اسٹیشن کے پریزایڈنگ افسران غائب ہوئے وہاں پولنگ کی شرح 86 فیصد تک رہی۔ وکیل پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر نے دلائل میں کہا کہ یہ بات درست نہیں ہے کہ غیر متنازع تمام 337 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کو روکا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے حلقہ این اے 75 ڈسکہ سے متعلق سماعت پر فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ حلقے میں الیکشن کے لیے سازگار ماحول نہیں تھا جس کے بعد الیکشن کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن میں جو امیدواروں کو ماحول دیا گیا وہ منصفانہ نہیں تھا، یہ فری اور فیئر ماحول میں الیکشن منتخب نہیں ہوسکے تھے جس کی بنا پر اس الیکشن کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن میں دائر کردہ درخواست میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار نے پورے حلقے میں دوبارہ انتخاب کا مطالبہ کیا تھا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ان 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی درخواست دی تھی جن کے نتائج روکے گئے تھے۔

close