کورونا کی پابندیاں نرم کر دی گئیں ملک بھر میں مزارات، سنیما کھولنے کی اجازت، پی ایس ایل میں 50 فیصد شائقین کی اجازت

اسلام آباد(آن لائن )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں مزارات، سنیما ہالز کھولنے کی اجازت دے دی جبکہ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی پابندی ختم کردی۔اسلام آباد میں این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے

کیے گئے۔ این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق دفاترکے 50 فیصد لوگوں کے گھرسے کام کرنے کی پابندی ختم کردی گئی ہے جبکہ 15 مارچ سے کورونا ایس او پیز کے ساتھ شادی کی ان ڈور تقریبات، مزارات اور سینیما کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں اورتفریحی پارکوں کیلئے وقت کی حد بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ 15مارچ سے ریسٹورنٹ ہالز میں کھانے کی اجازت 10 مارچ کے جائزہ اجلاس سے مشروط ہوگی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ماسک، سماجی فاصلے کی پابندی اور اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد جاری رہے گا۔اعلامیے کے مطابق پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن میں شائقین کی تعداد 20 فیصد سے 50 فیصد تک کرنے کی اجازت دے دی ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل پلے آف میں تماشائی اسٹیڈیم کی گنجائش کے مطابق شرکت کرسکیں گے، پلے آف میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیساتھ شائقین اسٹیڈیم آسکیں گے۔این سی او سی نے رائے دی ہے کہ الیکشن کمیشن لوکل باڈیزاورکینٹ بورڈالیکشنز مئی کے آخرتک کروائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں