کراچی (این این آئی) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ وزیراعظم کو بتا دیا ہے کہ سندھ میں آئی جی کی تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے،آئی جی سندھ کی تبدیلی کے لیے وزیراعلی سندھ کوخط لکھ دیا ہے،جواب کا انتظارہے،سینیٹ ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دیے ہیں لیاقت جتوئی سے میں خود بات کروں گا۔کراچی کے
مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں ہے اوروزیراعظم نے کبھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی ہے۔ سینیٹ کے لیے پارٹی ٹکٹ اورتحریک انصاف کے رہنماں کے مابین الزام تراشی پر گورنرسندھ نے کہاکہ سینیٹ ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دئیے ہیں،ایک ایک نام پر مشاورت ہوئی ہے،سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دیا ہے ،پارلیمانی بورڈ کی سربراہی وزیراعظم نے کی تھی۔ گورنر سندھ نے کہاکہ سیف اللہ ابڑو کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے،ہم نے لاڑکانہ کو بھی سیف اللہ ابڑو کی صورت میں سینیٹ میں نمائندگی دی ہے،لیاقت جتوئی کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیئے،لیاقت جتوئی سے میں خود بات کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنیٹرین آئی جی سندھ سے نالاں ہیں،میں نے وزیراعلی سندھ کو خط لکھا ہے اور انکے جواب کا انتظار ہے،امید ہے وزیراعلی سندھ جلد مجھے خط کا جواب دینگے،میں نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سے مکمل رپورٹ مانگی ہے،وزیراعلی سندھ جب مجھے رپورٹ دینگے تو میں وزیراعظم کو مکمل ثبوت کے ساتھ معاملے سے آگاہ کروں گا گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بتا دیا ہے کہ سندھ میں آئی جی کی تبدیلی اب نا گزیر ہوچکی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں