پاکستانی پاسپورٹ کی فیس میں واضح کمی کر دی گئی

ریاض(پی این آئی) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ فیس کے حوالے سے اہم ریلیف دے دیا گیا ہے۔ ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے اور جدہ میں واقع پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے دس سال کے لیے پاسپورٹ فیس کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق آئندہ سے دس برس کے لیے

36 صفحات کا پاسپورٹ ( نارمل)بنوانے پرصرف 126 ریال ادا کرنا ہوں گے۔پہلے اس پاسپورٹ پر 152 ریال ادا کرنا پڑتے تھے، اس طرح فیس میں 26 ریال کی کمی کر دی گئی ہے۔ دس برس کے لیے 36 صفحات کے ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس 252 ریال سے گھٹا کر 210 ریال کر دی گئی ہے۔ اس طرح اس نوعیت کے پاسپورٹ کی فیس پر 42 ریال کی کمی ہو گئی ہے۔ دس برس کے لیے 72 صفحات کا نیا پاسپورٹ ( نارمل) 231 ریال میں بنایا جائے گا۔جس کی پہلے فیس 283 ریال تھی۔ اس کیٹیگری میں52 ریال کی کمی کی گئی ہے۔دس برس کے لیے 72 صفحات کا ارجنٹ پاسپورٹ بنانے پر 378 ریال اداکرنا ہوں گے۔پہلے یہ پاسپورٹ بنانے پر 454 درہم کی فیس دینی پڑتی تھی۔ سو اس لحاظ سے فیس میں 78 ریال کی کمی ہوئی ہے۔ 100صفحات پر مشتمل 10 سالہ پاسپورٹ (نارمل) بنوانے پر 252 ریال جبکہ ارجنٹ پر 502 ریال ادا کرنا ہوں گے۔ پہلے ان کی فیس بالترتیب 303 ریال اور 617 ریال تھی۔پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ پہلی بار پاسپورٹ گم ہونے پر دس سال کے لیے پاسپورٹ (نارمل) بنوانے پربھی فیس میں کمی کر دی گئی ہے۔ اب یہ نارمل پاسپورٹ 252 ریال میں جبکہ ارجنٹ 420 ریال میں بنے گا۔دس برس کے لیے جاری ہونے والے پاسپورٹ کی فیس میں کمی کا اطلاق گزشتہ روز سوموار سے شروع ہو گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاسپورٹ فیس پر رعایت صرف دس سالہ پاسپورٹ پر دی گئی ہے۔ پانچ برس کے لیے پاسپورٹ فیس کی پرانی شرح برقرار رہے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دس برس کی مُدت کے لیے پاسپورٹ فیس میں کمی اس لیے کی گئی تاکہ لوگ ایک ہی بار دس سال کی مُدت کے لیے پاسپورٹ بنوا لیں تاکہ انہیں بار بار سفارت خانے اور پاسپورٹ دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں