ہمیں جتنے ووٹوں کی ضرورت ہو گی ہم توڑ لیں گے، ن لیگ نےحکو مت کوسینیٹ الیکشن سے متعلق کھلم کھلا چیلنج کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) سینیٹ انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کی جانب سے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اور سباق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ ہمارے سیاسی نظام میں تمام ایم این ایز کو ایک ساتھ اور متحد رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے

کیونکہ ہر ایک کی اپنی خواہشات ہوتی ہیں، ہر ایک کے حلقے کے مسائل ہوتے ہیں اور ان کے مطالبات ہوتے ہیں۔ان کو وزیروں سے بھی شکایات ہوتی ہیں، انہیں حلقوں کی ترقی کے مسائل درپیش ہوتے ہیں۔ یہ صرف پی ٹی آئی کی حکومت میں نہیں ہے ، ہر حکومت میں ایسا ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے وزیر خزانہ کا کسی جماعت سے تو کیا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ پاکستان تب ہی آتے ہیں جب ان کی گاڑی میں جھنڈا لگا ہو، یہ چالیس سال کی تاریخ ہے ، حفیظ شیخ کی پاکستان سے کوئی کمٹمنٹ نہیں ہے ، جس دن حکومت جاتی ہے، حفیظ شیخ اُسی شام سے فلائٹ لے کر واپس چلے جاتے ہیں۔ایک رات بھی انہوں نے پاکستان میں ایسی نہیں گزاری جب وہ وزیر نہ ہوں یا اُن کے پاس کوئی بڑا عہدہ نہ ہو۔ جب ایک شخص ایسا ہو گا تو پھر وزرا اور ایم این ایز کے تحفظات تو ہوں گے کہ آخر یہ کون صاحب ہیں جو ہمارے اوپر لا کر مسلط کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے جس بنیاد پر ووٹ لیا تھا وہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی معاشی پالیسیز کو تباہ کُن کہنے اور اس پر تنقید کر کے عوام کا اعتماد حاصل کر نے پر تھا، لیکن ان دونوں جماعتوں کے دور حکومت میں بھی حفیظ شیخ ہی تھے ، اب اس بات پر وزرا یا ایم این ایز کو تحفظات نہیں ہوں گے تو اور کیا ہو گا۔حکمران جماعت کے ووٹ توڑنے سے متعلق سوال کے جواب میں محمد زبیر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا انحصار اوپن بیلٹ یا سیکرٹ بیلٹ پر ہو گا، اگر سیکرٹ بیلٹنگ ہوئی تو نتائج آپ کے سامنے ہوں گے ، کیونکہ حفیظ شیخ اُڑ جائیں گے اور یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمیں جتنے ووٹوں کی ضرورت ہو گی ہم توڑ لیں گے۔

close