تھرپارکر (پی این آئی) ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کو ایک اور شکست ہوگئی ، این اے 221 تھرپارکر سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار امیر علی شاہ ایک لاکھ 3 ہزار502 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھر پار کر میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں
پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار امیر علی شاہ نے ایک لاکھ 3 ہزار502 ووٹوں کے ساتھ کامیابی سمیٹ لی ، حلقہ کے تمام 318پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی پارٹی کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نظام الدین 50 ہزار 553 ووٹ حاصل کرسکے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی ، جہاں ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سمیت 12 امیدوار مدمقابل تھے ، قومی اسمبلی کے اس حلقے میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 900 ہے ، جہاں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہی ، حلقے میں پولنگ سٹیشنز کی کل تعداد 318 ہے جن میں سے 95 انتہائی حساس اور 130 کو حساس قرار دیا گیا تھا ، جس کے لیے حلقے میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے ، اس سلسلے میں 4 ہزار پولیس اہلکاروں، ایک ہزار رینجرز کے جوانوں سکو کیورٹی پر تعینات کیا گیا۔تمام تر سیکیورٹی انتظامات کے باوجود این اے 221 ضمنی الیکشن کی پولنگ کے دوران شرپسندوں نے ایک پولنگ اسٹیشن کو آگ لگا دی ، میڈیا رپورٹس کے مطابق تھرپارکر کے علاقے کروڑوکیسر اڑسماں میں شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوکر سامان نذر آتش کردیا ۔ بتایا گیا ہے کہ شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا، شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن میں آگ لگا دی اور سامان جلا دیا ، واقعے میں تین پولیس اہلکاروں کی وردیاں بھی جل گئیں ، شرپسندوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشن میں تباہ کاریاں جاری تھیں کہ رینجرز نے موقع پر پہنچ کر پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں