حکومتی اراکین اسمبلی کی سوچ میں بھی تبدیلی آنے لگی، یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں فتح کا امکان ہے، بڑا دعویٰ آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کو خبردار کیا گیا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کی چنگاریاں سلگ رہی ہیں ، یہی چنگاریاں بڑے انگارے بن کر آگ کو تیز کر دینے کا سبب بھی بن جاتی ہیں ، امکان یہ ہے کہ اس آگ کی تپش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلام آباد سے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی

سینیٹر منتخب ہو جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق قومی اخبار کے لیے اپنے ایک کالم میں سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کے بعض وزرا کی بدعنوانی ، ان کے خصوصی معاونین کا غیر سنجیدہ رویہ، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری ، سیاسی انجینئر نگ اور کرپشن کی وجہ سے قومی اسمبلی کے ارکان کی سوچ میں تبدیلی آ رہی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو جنوبی پنجاب کے ارکانِ قومی اسمبلی کی حمایت ملنے کے بھی قوی امکانات ہیں ، اسی طرح تحریک انصاف میں شامل ہونے والے آزاد امیدوار بھی اپنی راہ کا تعین کر رہے ہیں جب کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی احتجاجی تحریک کو حکومت زمینی حقائق کے مطابق نہیں دیکھ رہی ، جہاں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی وجہ سے عوام جلسوں میں جانے سے گریز کر رہے ہیں کیوں کہ ان کو اپوزیشن رہنماؤں کے خیالات بڑے چینلز سے سننے کو مل رہے ہیں۔سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ میں حمایت کر کے وزیراعظم عمران خان کے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں کیوں کہ پنجاب کے ارکانِ قومی اسمبلی سپیکر اسد قیصر کی پالیسی سے ناخوش ہیں ، جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ڈھائی سال گزار کر بھی انہوں نے پنجاب کا رُخ نہیں کیا بلکہ ان کی ساری توجہ دیگرارکانِ اسمبلی کی طرف مرکوز رہی ہے ، انہوں نے پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی سے کبھی رابطہ نہیں رکھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں