پی پی 51 وزیرآباد ضمنی الیکشن، ن لیگی امیدوار نے واضح برتری حاصل کر لی، جیت یقینی ہو گئی

وزیرآباد (پی این آئی) پی پی 51 وزیرآباد ضمنی الیکشن، ن لیگ کی امیدوار کی برتری میں اضافہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد نتائج موصول ہونے کا سلسلہ

جاری ہے۔ ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے مضبوط حلقے پی پی 51 وزیرآباد میں تحریک انصاف کے امیدوار چودھری محمد یوسف کو برتری حاصل ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں مزید پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آنے کے بعد ن لیگ کی امیدوار کو برتری حاصل ہوگئی۔پی پی 51 کے کل 162 میں سے 61 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آچکے۔ لیگی امیدوار بیگم طلعت شوکت 20 ہزار سے زائد ووٹ لے کر آگئے ہیں۔جبکہ تحریک انصاف کے چودھری محمد یوسف اب تک 15 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر پائے ہیں۔ پی پی 51 کے علاوہ دیگر 3 حلقوں سے بھی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ چل رہا ہے۔پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 وزیرآباد، خیبرپختونخواہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم اور پی کے 63 نوشہرہ میں ضمنی الیکشن کا انعقاد ہوا ہے۔ این اے 75 ڈسکہ کی نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخارالحسن شاہ کے انتقال کے باعث، حلقہ پی پی 51 کی نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث، پی کے 63 نوشہرہ کی نشست تحریک انصاف کے وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل کے انتقال کے باعث اور این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے باعث حالی ہوئی تھی۔آج ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں سوائے این اے 75 ڈسکہ کے، دیگر 3 حلقوں میں صورتحال پرامن رہی۔ این اے 75 ڈسکہ میں ہوئے قاتلانہ حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے 2 کارکن جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close