سینیٹ الیکشن خفیہ ووٹنگ سے ہوا تو کتنے ن لیگی اراکین اپنی جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے؟ ہوشربا تفصیلات آگئیں

لاہور (پی این آئی) سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے اپنی حکمت عملی تشکیل دے دی ہے اور یہ حکمت عملی اوپن بیلٹ اور سیکرٹ بیلٹ ، دونوں کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت نے سینیٹ الیکشن مہم کے

لیے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد تحریک انصاف پنجاب سے سینیٹ کے لیے نامزد امیدواروں کو ارکان اسمبلی کی تعداد مختص کرکے فہرستیں فراہم کرے گی جس کے بعد وہ مہم چلاسکیں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی میں یہ مہم شروع ہوگی جس کے تحت وفاق سے سیف اﷲ نیازی اور عامر کیانی کے ساتھ کوآرڈی نیشن ہو گی۔امیداوار اپنے انتخاب کے لیے مختص ارکان اسمبلی کے ساتھ میٹنگز بھی کریں گے ۔ صوبے سے سینٹ کی چار جنرل ، ایک ٹیکنو کریٹ اور ایک خاتون سیٹ پر انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کے ارکان کو مختص کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی جانب سے قومی اخبار کو بتایا گیا کہ تمام امیدواروں کو ان کے لیے مختص کیے گئے ارکان کی فہرستیں فراہم کردی جائیں گی جس کے بعد وہ گیٹ ٹو گیدر کرسکیں گے ۔چار جنرل سیٹوں میں سے ایک مسلم لیگ ق کا امیدوار ہوگا ۔ یہ حکمت عملی دونوں طریقہ کار اوپن بیلٹ اور سیکرٹ بیلٹ کے لیے تیار کی گئی ہے ۔ اگر اوپن بیلٹ ہوتا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی اپنی جماعتوں کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیں گے لیکن اگر سیکرٹ ہوا تو مسلم لیگ ن کے 14ممبران صوبائی اسمبلی اپنی جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے ۔ پی ٹی آئی نے اپنے تمام ارکان اسمبلی کے تحفظات دور کردیے ہیں اور وہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کو ہی ووٹ دیں گے ۔انہوں نے اعتراف کیا کہ اوپن بیلٹ میں مسلم لیگ ن کے تین امیدوار منتخب ہوجائیں گے ۔ جبکہ دوسری جانب رابطہ کرنے پر پنجاب سے سینیٹ امیدوار اعجاز چودھری نے بتایا ہر رکن اسمبلی کو اس کے امیدوار کا بتا دیا جائے گا جس کے بعد امیدوار ان کے ساتھ رابطے میں ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے کارنر میٹنگز بھی ہوں گی لیکن تمام رکن اسمبلی پابند ہوں گے کہ وہ مختض امیدوار کو ہی ووٹ دیں ۔ ان کا کہنا تھا پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ اوپن اور سیکرٹ ووٹنگ کی صورت میں پی ٹی آئی کے تمام امیدوار کامیاب ہوجائیں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close