صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ، وفاقی حکومت کا صوبائی حکومتوں کو ہدایت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی کابینہ نے وفاقی حکومت کے مختلف محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں پائے جانے والے فرق کو کم کرنے اورسرکاری ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے 2017کی بنیادی تنخواہوں پر پچیس فیصد اضافے کی منظوری دیدی جس کا اطلاق گریڈ ایک سے انیس تک ہوگا اور یہ اضافہ

یکم مارچ سے نافذ العمل ہوگا، کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ صوبائی حکومتوں کو بھی یہ ہدایت کی جائے گی کہ وہ بھی اپنے محکموں میں تنخواہوں میں پائے جانے والے فرق کو کم کرنے کے حوالے سے اقدامات لیں، کابینہ نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کراچی کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل نو، فیڈرل سروس ٹریبیونل کراچی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایف ایس ٹی کی موجود عمارت سے متصل چار سو مربع گز زمین ایف ایس ٹی کو الاٹ کرنے، الیکشن کمیشن کی سفارشات پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر – I میں ضمنی الیکشن کے دوران پاکستان رینجرز (سندھ)کے دستوں کی تعیناتی ، جاوید قریشی کو چیئرپرسن بورڈ آف ڈائریکٹرز، سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 04 فروری 2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلے کی توثیق بھی کی گئی جس میں 5وزارتوں میں اکائونٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کے ماتحت دفاتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آبادمیں ہوا جس میں کابینہ کو کورونا وائرس کی صورتحال اور پھیلا کی شرح کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد اور پھیلا کی شرح میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا ویکسین فرنٹ

لائن ورکرز کو لگائی جا رہی ہے۔ اب تک تقریبا پچاس ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جا چکی ہے اور اس عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔کابینہ کو بتایا گیا کہ 65سال سے زائد عمر کے افرادکے لئے 1166نمبر فراہم کیا گیا جہاں ویکیسن کے لئے وہ اپنے شناختی کارڈ کا اندراج اور رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ نجی شعبے کی جانب سے ویکسین کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کر دیا گیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close