لاہور (پی این آئی) شدید ترین مہنگائی کے باوجود پاکستانیوں کی اکثریت وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی مدت پوری ہونے کی حامی نکلی ۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ سروے کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق 63 فیصد پاکستانیوں کو یقین ہےکہ وفاقی حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرے گی۔ گیلپ پاکستان
کے ایک سروے میں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق 63 فیصد افراد کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرے گی جب کہ 17 فیصد کا خیال ہے کہ ایسا نہیں ہوگا اور حکومت مدت پوری کرنے میں ناکام ہوگی۔سروے کے دوران 20 فیصد افراد نے کہا ہےکہ وہ اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہ سکتے۔ گیلپ پاکستان نے یہ سروے ملک کے چاروں صوبوں میں ایک ہزار سے زائد افراد سے کیا گیا ۔عوام کی اکثریت کا ماننا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ۔ اس سے قبل ایک نجی ٹی وی کی جانب سے کروائے گئے سروے میں عوام کی جانب سے حکومت پر شدید تنقید بھی کی گئی ، عوام کا کہنا تھا کہ بجلی نہیں ہے ، گیس نہیں ہے ، پانی نہیں ہے لیکن آئے دن بلوں کے نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، سونا ، چینی اور گھی تک تو مہنگا کر دیا گیا ہے ، بتائیں کہ ہم کہاں جائیں، ہم کس طرح چولہے جلائیں۔ایک اور شہری نے کہا کہ حکومت نے عوام کا جو حال کر دیا ہے سب کے دلوں سے ان کے لیے بد دعائیں نکل رہی ہیں، انہوں نے کل کیا جانا ہے یہ سورج غروب ہونے سے پہلے ہی چلے جائیں۔ خیال رہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو جن چیلنجز کا سامنا تھا اُس میں ملک کی معاشی صورتحال ، مہنگائی اور قرضے تھے جن سے نمٹنے کے لیے حکومت نے ہاتھ پاؤں تو مارے لیکن مہنگائی کا جن بے قابو ہو کر حکومت کے اپنے گلے کا طوق بن گیا ، موجودہ حکومت سے عوام کی مایوسی صاف ظاہر ہے ، آئے روز ہونے والی مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور عوام کو ریلیف دینا اس وقت حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے جس میں وہ ناکام نظر آتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں