پاکستانیوں نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کو بھی شکست دیدی، کئی ماہ بعد مسلسل دوسرے روز کورونا کیسز میں واضح کمی ہو گئی

اسلام آباد(پی این آئی) ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بھی دم توڑنے لگی، کئی ماہ بعد مسلسل دوسرے روز 1 ہزار سے کم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ایک مرتبہ پھر تیزی سے کورونا وائرس کو شکست دینے لگا ہے۔ ملک میں کئی ماہ سے جاری کورونا کی دوسری لہر اب بدتریج

کمزور ہو رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کئی ماہ بعد پہلی مرتبہ مسلسل دو روز یومیہ کیسز کی تعداد 1 ہزار سے کم رہی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مہلک وبا کے مزید 958 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اس طرح ملک میں کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار 77 ہو گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے 5 لاکھ 25 ہزار 997 مصدقہ مریضوں نے اس وبا کو شکست دے دی ہے جب کہ فعال مریضوں کی تعداد 25 ہزار 383 ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 مریض دم بھی توڑ گئے، یوں کورونا کے باعث اب تک ملک میں 12 ہزار 380 اموات ہوچکی ہیں۔سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 5 ہزار 51 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 219، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 995، اسلام آباد میں 486، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 199 اور آزاد کشمیر میں 281 افراد جاں بحق ہو چکے۔ جبکہ مجموعی کیسز کے لحاظ سے سندھ میں 2 لاکھ 53 ہزار 762، پنجاب میں ایک لاکھ 64 ہزار 268، خیبر پختونخوا میں 69 ہزار 990، بلوچستان میں 18 ہزار 942، اسلام آباد میں 42 ہزار 688، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 487 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 940 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں