سینیٹ انتخابات سے متعلق پارٹی پالیسیوں کیخلاف بیانات دینے کا معاملہ، عامر لیاقت حسین کو وارننگ جاری

لاہور (پی این آئی) پارٹی پالیسی کیخلاف بیانات دینے کا معاملہ، عامر لیاقت حسین کو وارننگ دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر رہنما فردوس عاشق اعوان کی جانب سے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیا گیا ہے۔ عامر لیاقت حسین کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب

عثمان بزدار کو صحرا پلس کہہ کر طنزیہ وار کرنے پر وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عامر لیاقت جماعت کے ڈسپلن کو فالو کریں تو اچھا ہوگا ورنہ ہم کچھ کہیں گے تو پھر انہیں شکایت ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ سیاحت کو فروغ دینا پنجاب حکومت کی ترجیح ہے، عثمان بزدار پنجاب کے کلچر کو ہی سپورٹ اور اجاگر کرنے کیلئے چولستان جیپ ریلی میں گئے۔فردوس عاشق اعوان مزید کہتی ہیں کہ سینیٹ انتخاب میں اپوزیشن کو شکست ہوگی، انشاء اللہ پارٹی میں ایسا کوئی عمل نہیں ہو گا جس کا نتیجہ وسیع پیمانے پر سرجری کی صورت نکلے۔ سپریم کورٹ کے سرٹیفائیڈ اور نااہل سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نامزدگی کا مقصد نوٹوں کی بھری ہوئی بوریوں کو تازہ ہوا لگا کر پھر استعمال کرنا ہے۔یہ لوگ نوٹ کی چمک، ووٹ فروشی، ضمیرفروشی اور امیدواروں کی منڈیاں لگا کر سینٹ کا الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ مگر ان کو ناکامی ہو گی۔ یہاں واضح رہے کہ مختلف معاملات پر پارٹی قیادت کے فیصلوں سے ناراض عامر لیاقت حسین کی جانب سے کھل پر پارٹی قیادت کے فیصلوں کی مخالفت کی گئی ہے۔ انہوں نے سینیٹ انتخابات کیلئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ رکن قومی اسمبلی نے اعلان کیا ہے کہ حفیظ شیخ میری جماعت کے نہیں ہیں، پہلے وہ ہماری جماعت میں آئیں، حلف اٹھائیں اور کچھ ماہ پارٹی میں گزاریں، بھر ووٹ کا مطالبہ کریں۔ اس سے قبل وہ حفیظ شیخ کو ووٹ نہیں دے سکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close