پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا یا نہیں؟ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عوام کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیتوں میں اضافے کے باوجود رواں ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں

میں مزید اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔وزیراعظم نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے بھجوائی گئی سمری مسترد کر دی ہے۔ وزیراعظم کے فیصلے کے تحت رواں ماہ کے اختتام تک پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ 2 روز قبل اوگرا نے پٹرول 14روپے 7 پیسے فی لیٹر تک اور ڈیزل 13 روپے61 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 10 روپے 79 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 43 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔ اوگرا نے سمری 30 روپے فی لیٹر لیوی کے حساب سے تیار کی، جس کے تحت پٹرول 14روپے فی لیٹر تک اور ڈیزل 13 روپے 61 یسے تک منہگا کرنے کی تجویز دی گئی۔ اس وقت پٹرول پر پٹرولیم لیوی 21روپے 4پیسے اور ڈیزل پر موجودہ لیوی 22 روپے 11پیسے وصول کی جارہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اسی باعث پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ نے وزیراعظم سے تفصیلی مشاورت کی۔ وزیراعظم نے بریفنگ لینے کے بعد اوگرا کی سمری مسترد کر دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کو مدِ نظر رکھ کر قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی ہے، حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر حد تک جائے گی۔ واضح رہے کہ حکومت نے یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 54 پیسے فی لیٹر، لائیٹ ڈیزل کی قیمت 3.00 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close