لاہور (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان ایک اور وعدہ وفا نہ کرسکے، اڑھائی سال میں قومی اسمبلی کے صرف 21 اجلاسوں میں شریک ہوئے ۔ وزیراعظم کی اسمبلی اجلاسوں میں حاضری کا تناسب 10.6 فیصد رہا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وعدہ کیا
تھا کہ پارلیمنٹ اور قومی اسمبلی کو مضبوط کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے کم از کم ماہانہ دو اجلاسوں میں شرکت کروں گا تاکہ عوام کے نمائندوں کو جوابدہ کیا جا سکے ۔تاہم وزیراعظم عمران خان اپنا وعدہ پورا نہ کر سکے اور حکومت کے اڑھائی سال گزرنے کے بعد عمران خان اسمبلی کے صرف 21 اجلاسوں میں شریک ہوسکے۔ جبکہ اس دوران قومی اسمبلی کے 198 اجلاس ہوئے لیکن وزیراعظم کی اسمبلی اجلاسوں میں حاضری کا تناسب 10.6 فیصد رہا ۔فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کے مطابق 13 اگست 2018 سے 4 فروری 2021 تک قومی اسمبلی کے دوران قومی اسمبلی کے 28 سیشنز میں 198 اجلاس ہوئے۔ان اجلاسوں میں عمران خان صرف 21 مرتبہ حاضر ہوئے ۔ جبکہ دوسری جانب سابق وزیراعظم میاں نواز شریف یکم جون 2013 سے 18 دسمبر 2015 تک ہونے والے قومی اسمبلی کے 240 اجلاسوں میں سے 37 اجلاسوں میں شریک ہوئے، ان کی حاضریوں کا تناسب 15.4 فیصد رہا۔ اپنی تحریری رپورٹ میں فافن نے لکھا کہ وزیراعظم پہلے پارلیمانی سال کے دوران 91 میں سے 15 اجلاسوں میں شریک ہوئے جبکہ دوسرے پارلیمانی سال میں وزیراعظم نے 86 میں سے 15 ، اور تیسرے پارلیمانی سال میں 21 میں سے صرف 1 اجلاس میں شرکت کی ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کےبعد اعلان کیا تھا کہ وہ ماضی کے حکمرانوں کے برعکس اسمبلی اجلاسوں میں شرکت کریں گے اور عوام کے نمائندوں کے مسائل سنیں گے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں